طیارہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے آنے تک قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے ، وزیر داخلہ
شیئر کریں
وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے آنے تک قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے ۔جمعہ کو وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے لاہور سے کراچی جانے والے پی آئی اے کے طیارے پی کے 8303 حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاـ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ عید سے دو روز قبل اس دل دہلا دینے واقع نے عید کی خوشیاں پھیکی کر دی ہیں، جمعتہ الوداع کا دن جب تمام لوگ رحمتیں اور برکتیں سمیٹ رہے تھے ، اس دوران یہ خبر کسی قیامت سے کم نہیں تھی، جن لوگوں نے اس مبارک دن پر اپنی جان دی یے مجھے پوری امید ہے کہ اللہ تعالی ان کے درجات بہت بلند کریگا اور انہیں جنت الفردوس میں جگہ دیگاـ انشااللہـ اس کے ساتھ ساتھ دعا گو ہوں کہ خدا مرحومین کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور زخمی ہونے والے افراد کو جلد از جلد مکمل طور پر صحت یاب کرے ـ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ اس موقع پر میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کو سراہنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے عوام کو بہت ذمہ داری کے ساتھ عوام کو تمام ضروری معلومات دیں اور غیر تصدیق شدہ خبریں دے کر افراتفری کا عالم نہیں بننے دیاـ میں اس موقع پر گزارش یہ کرنا چاہتا ہوں کہ جب تک حقائق پوری طرح سامنے نہیں آتے ـ قیاس آرائیوں سے اجتناب کریں اور انکوائری کا مرحلہ مکمل ہونے دیںـ انہوںنے کہاکہ یہ سانحہ پوری قوم کے لئے افسوس ناک ہے اور اس مشکل گھڑی میں ہمیں ملکی سطح کے ساتھ ساتھ انفرادی طور پر بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگاـ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بروقت اس معاملے کا نوٹس لیا ہے اور امدادی کاروائیوں کے ساتھ ساتھ تحقیقاتی عمل کو بھی شفاف رکھنے کی ہدایت کی ہے ـ پوری امید ہے کہ اس ناخوشگوار واقعہ کے پیش آنے کی اصل وجوہات تک پہنچ جائینگے ـ اس حادثے کے نتیجے میں رہائشی علاقے میں بھی نقصان کی اطلاع پریشان کن ہے ـ وفاقی حکومت متاثرین کی امداد کے لئے ہر ممکن تعاون یقینی بنائے گیـ اس حادثے کی لپیٹ میں آنے والے ہر شخص کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے ریلیف کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے ـ آخر میں ان کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر عوام سے متحد رہنے کی اپیل کرتا ہوں اور گزارش ہے کہ حقائق سامنے آنے تک کوئی جھوٹی خبریں نہ پھیلائیںـخدا ہم سب پر رحم فرمائے اور اس ملک کو اپنے حفظ و امان میں رکھے ـ