بحریہ ٹاؤن انتظامیہ مشکلات میں،متاثرین کا 26 مارچ کو احتجاج کا اعلان
شیئر کریں
(رپورٹ : شعیب مختار ) نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت بحریہ گرین میں3 ہزار اپارٹمنس کی تعمیرات کا آغاز ہوتے ہی انتظامیہ کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا، تمام تر ادائیگیاں کرنے کے بعد بھی ولاز پر قبضہ نہ ملنے پر متاثرین نے 26 مارچ کو بحریہ ٹاؤن کراچی میں احتجاج کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پی 23 اے ولاز کے متاثرین کی جانب سے ہفتے کے روز انتظامیہ کیخلاف احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ضمن میں کراچی میں موجود ہیڈ آفس کا گھیراؤ کرنے کی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے، جس کے تحت متاثرین کی جانب سے وہاں احتجاج کو یقینی بنایا جائے گا، تمام تر معاملے پر متاثرین کا جرأت سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 2013 میں ان کی جانب سے بحریہ ٹاؤن کراچی کے پی 23 اے ولاز میں سرمایہ کاری کی غرض سے ماہانہ اقساط پر اپنے ولاز کی بکنگ کروائی گئی تھی جس کی فروری 2018 میں تمام تر ادائیگیاں مکمل ہونے کے چار برس گزر جانے کے باوجود بھی انہیں قبضہ نہیں مل سکا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا ہم نے اس سلسلے میں متعدد مرتبہ انتظامیہ کو درخواستیں بھی دی ہیں، جبکہ چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کو بھی تمام صورتحال سے آگاہ کیا ہے جس کے بعد بھی ان کی گزشتہ کئی سالوں میں کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہے۔