میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کرپشن کا بڑا بت میونسپل کمشنر افضل زیدی زمیں بوس

کرپشن کا بڑا بت میونسپل کمشنر افضل زیدی زمیں بوس

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۳ جنوری ۲۰۲۶

شیئر کریں

گل پلازا آتشزدگی میں افضل زیدی کی رہی سہی ساکھ بھی جل کر راکھ، وزیراعلیٰ ناراض
میئر کراچی کے دست راست افضل زیدی کرپشن کے بڑے اسکینڈلز میں نیب کے ریڈار پر

کراچی (خصوصی رپورٹ) کرپشن کے بڑے بت اور میئر کے دست راست میونسپل کمشنر افضل زیدی کو رخصت کر دیا گیا۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق افضل زیدی کو سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈی نیشن ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 19گریڈ کی ایکس پی سی ایس افسر سمیرا حسین کو میونسپل کمشنر کے ایم سی کا اضافی چارج دے دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق سابق میونسپل کمشنر افضل زیدی 30 نومبر کو 3سالہ ابراہیم کے گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعہ پر شدید تنقید کی زد میں تھے ۔ مزید برآں گل پلازا میں ہونے والی آتشزدگی میں بھی افضل زیدی کی رہی سہی ساکھ جل کر راکھ ہو گئی تھی۔ اُنہیں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی’’ سرپرستی‘‘ بھی بچا نہ سکی۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کے اکثر وزراء میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے شدید ناراض ہیں ، جو افضل زیدی کی مسلسل منافع بخش سرپرستی کرتے رہے۔ اس دوران میں افضل زیدی بطور میونسپل کمشنر کرپشن کے بدترین الزامات کے نرغے میں رہے۔ ذرائع کے مطابق افضل زیدی مختلف معاملات میں نیب کے ریڈار پر ہیں۔ اُن کے خلاف کوئی بھی کارروائی کراچی کے انتہائی نامقبول میئر مرتضیٰ وہاب کے خلاف بھی تحقیقات کو جنم دے سکتی ہیں۔واضح رہے کہ برطرف میونسپل کمشنر پہلے ہی سلاٹر ہاؤس کی 40ایکڑ زمین، الہ دین پارک کی چار ایکڑ زمین سمیت متعدد معاملات میں تحقیقاتی اداروں کا ہدف بن چکے ہیں۔ اُن کے خلاف اینٹی کرپشن عدالت سے جعلی آکشن ، جعلی اورنگی کے نقشوں کی ماروائے قانون تصدیق اورفیصل رضوی کی کرپشن میں شراکت سمیت کئی میگاکرپشن انکوائریززیرِالتواء ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کلک کے فنڈز میں ہونے والی لوٹ مار کے شواہد بھی قابل گرفت حد تک دستیاب ہیں جبکہ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن بھی ان کے خلاف گھیرا تنگ کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق افضل زیدی اپنے خلاف تحقیقات کی تپش کو محسوس کرتے ہوئے ایک مرتبہ فرار ہونے کی کوشش بھی کرچکے ہیں۔ اُنہیں دسمبر میں چھٹی لے کر بیرون ملک جانے کی کوشش میں آف لوڈنگ کی شرمندگی کا بھی سامنا کرنا پڑا یہاں تک کہ اُن کا نام ای سی ایل میں شامل کر دیا گیا مگر تب بھی سندھ کی شاہ سرکار کی آنکھیں نہیں کھلی تھیں، کیونکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے چہیتے تصور کیے جاتے ہیں اور افضل زیدی میئر کراچی کے محبوب باور کیے جاتے ہیں ۔ مگر میئر کی لائف لائن سمجھے جانے والے وزیر اعلیٰ مراد شاہ گل پلازہ کی آتش زدگی کے بعد اب کسی طور پر افضل زیدی کو برداشت کرنے کے لیے تیار نہ تھے۔ باخبر ذرائع کے مطابق اس محاذ پر میئر کراچی کو بھی وزیراعلیٰ کی برہمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ واضح رہے کہ افضل زیدی افضل زیدی جو وفاق کے افسر ہیں اور چھ سال بعد بھی وفاق کو واپس نہیں کئے گئے تھے ،میئر کے فرنٹ مین اور بعض قابل گرفت معاملات میں اُن کے ساتھی تصور کیے جاتے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں