سندھ سرکار کی موئن جودڑو کو سرکاری سطح پر نام دینے کی تیاری
شیئر کریں
کراچی(رپورٹ: شعیب مختار) سندھ سرکار نے 101 سال قبل دریافت کیے گئے شہر کو سرکاری سطح پر ایک نام دینے کی تیاری شروع کر دی موئن جودڑو کا تاریخی نام بحال کرنے کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی نے سفارشات مرتب کر لیں آئندہ چند روز میں تاریخی ورثے کا نام موہن جودڑو رکھنے کی تحقیقی رپورٹ سندھ کابینہ کو پیش کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پانچ ہزار سال قدیم شہر کو گذشتہ کئی دہائیوں سے موئن جودڑو (مردوں کا ٹیلہ)،موہَن جودڑو (موہن کا ٹیلہ) موہن جودڑو (کرشنا کا ٹیلہ) اور موہن جوداڑو و دیگر نام سے پکارے جانے پر سال 2020 میں پہلی مرتبہ پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی قاسم سراج سومرو کی جانب سے تاریخی ورثے کا نام موہن جودڑو رکھنے کی قرارداد سندھ اسمبلی میں پیش کی گئی تھی جس پر گذشتہ کئی سالوں سے مشاورت زور و شور سے جاری تھی اس ضمن میں سال2021 میں تمام تر معاملے پر خصوصی دلچسپی لیکر موجودہ وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سردار علی شاہ نے سندھ کابینہ کے اجلاس میں تمام تر امور پر تاریخی پس منظر سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی تھی جس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو،سید سردار علی شاہ،اسماعیل راہو اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی تھی جنہیں آثار قدیمہ کے ماہرین سے مشاورت کا کام سونپا گیا تھا اس ضمن میں کمیٹی کی جانب سے سفارشات مرتب کر لی گئیں ہیں جو آئندہ چند روز میں سندھ کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائیں گیں بعد ازاں کابینہ کی منظوری کے بعد سرکاری سطح پر موئن جودڑو کو موہِن جودڑو کے نام سے پکارا جائے گا ۔