میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
وزیراعظم نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلیے کمیٹی بنا دی: پہلا اجلاس کل طلب

وزیراعظم نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلیے کمیٹی بنا دی: پہلا اجلاس کل طلب

Author One
اتوار, ۲۲ دسمبر ۲۰۲۴

شیئر کریں

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی۔

کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ خان، سینیٹر عرفان صدیقی، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، علیم خان اور چوہدری سالک حسین شامل ہیں۔گزشتہ رات چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی۔

بیرسٹر گوہر نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش پر زور دیا تھا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز مانتے ہوئے حکومتی اتحاد کی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی کی کاوش کو سراہتا ہوں۔حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران متوقع ہیں، مذاکرات کہاں ہوں گے حکومتی کمیٹی اس کا اعلان کرے گی۔

مذاکرات کے آغاز سے پی ٹی آئی کے رویے میں تبدیلی آجائے گی اور مذاکرات کے اعلان کے ساتھ ہی سول نافرمانی کی تحریک بھی دم توڑ جائے گی۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا پہلا اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ مذاکرات کا عمل آگے بڑھانے کیلیے دونوں کمیٹیوں کے اراکین کو آج دن ساڑھے 11 بجے ملاقات کی دعوت دی ہے، کمیٹیوں کے اراکین سے پارلیمنٹ ہاس میں اپنے چیمبر میں ملاقات کروں گا۔

ایاز صادق نے اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے وزیراعظم کی طرف سے کمیٹی تشکیل دینے کا خیر مقدم اور اظہار تشکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کو مذاکرات سے حل کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کا اقدام خوش آئند ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے، اسپیکر افس کے دروازے ہمیشہ اراکین کے لیے کھلے ہیں، بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر نے حکومت کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کم سے کم وقت میں تمام مسائل کا نتیجہ خیز حل نکل آئے گا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کی جانب سے کمیٹی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، یہ خوش آئند بات ہے، حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات جامع اور نتیجہ خیز ہونے چاہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کم سے کم وقت میں تمام مسائل کا نتیجہ خیز حل نکل آئے گا، دونوں کمیٹوں میں سنجیدہ لوگ ہیں، مذاکرات آگے ضرور بڑھیں گے، پر امید ہیں کہ اب مزاکراتی عمل شروع ہونے جارہا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں