میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نیا آرمی چیف کون؟ تنازع برقرار

نیا آرمی چیف کون؟ تنازع برقرار

ویب ڈیسک
منگل, ۲۲ نومبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

( باسط علی) پاک فوج کا نیا سربراہ کون ہوگا؟ اس سوال پر تاحال جی ایچ کیو اور وزیراعظم ہاؤس میں کسی نام پر اتفاقِ رائے قائم نہیں کیا جاسکا۔ گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس میںہونے والی سرگرمیوں نے یہ واضح کردیا ہے کہ ابھی طاقت کے مختلف مراکز کے پاس اپنے اپنے نام ہیںاور اس اہم ترین منصب کے حوالے سے گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری رسہ کشی ختم نہیں ہوئی۔انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کے اہم ترین رہنماؤں نے گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس میں آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے اپنی حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے اس جانب پیش قدمی شروع کردی ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف اپنے دورۂ لندن میں جو تجاویز لے کر گئے تھے، وہ تمام مسلم لیگ نون کے قائد نے عملاً رد کردی تھیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زنبیل میں توسیع یا پھر موجودہ آرمی چیف کا پسندیدہ ایک نام تھا۔ مگر سب سے زیادہ آرمی چیف کی تقرری کرنے والے سابق وزیراعظم نوازشریف نے یہ دونوں تجاویز مسترد کردیں۔ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان آمد کے بعد اپنی سرگرمیاں محدود کرکے زیادہ وقت وزیراعظم ہاؤس میں گزارتے رہے۔ اگرچہ اس کی وجوہات طبی قرار دی گئیں مگر عملا ً یہ آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے جاری رسہ کشی کے باعث ایک محفوظ راستے کی تلاش تھی۔ یہ محفوظ راستا تاحال میسر نہیںآسکا اور اب طاقت کے مراکز اپنی اپنی حکمت عملی اختیار کرتے نظر آتے ہیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس گزشتہ کئی روز سے آرمی چیف کے حوالے سے جس سمری کا منتظر تھا، وہ مسلسل التوا کے باعث اب وزیراعظم نے وزارت دفاع کو ایک باقاعدہ خط تحریر کرکے طلب کی ہے۔ گویا وزارت ِدفاع ، آرمی چیف کے حوالے سے ممکنہ امیدواروں کی سمری پیش کرنے میں تاخیر کا مرتکب ہورہی تھی۔ عام طور پر وزیراعظم کی جانب سے اس طرح کے خط لکھنے کی ضرور ت نہیں پڑتی۔ دلچسپ طور پر وزیر اعظم کی جانب سے وزارتِ دفاع سے خط کے ذریعے سمری طلب کیے جانے کے بعد نواز لیگ کے رہنماؤں کے بیانات نے اس کھیل کو پراسرار بنادیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس خط کی اطلاع پارلیمنٹ کے خطاب میں دی، یہی نہیں بلکہ اُنہوں نے حکومت کا ذہن واضح کرتے ہوئے یہ بھی کہہ دیا کہ خط سے جی ایچ کیو کو آگاہ کردیا گیا ہے اور ایک سے تین روز تک سارا مرحلہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔ اس بیان سے واضح ہے کہ وزیر دفاع اس مرحلے کو 27؍ نومبر کو لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کی ریٹائرمنٹ سے قبل نمٹانا چاہتے ہیں۔ دوسری طرف سمری میں کسی قسم کی عجلت نہ دکھانے کا مطلب یہی لیا جارہا ہے کہ اس تاریخ کے گزرنے کا انتظار کیا جارہا ہے۔ تاکہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کی ریٹائرمنٹ ہو جائے۔ واضح رہے کہ نون لیگ کے قائد نے اپنا ذہن یہ کہہ کر واضح کردیا ہے کہ آرمی چیف سب سے سینئر آدمی کو لگانا چاہئے۔ انتہائی ذمہ دار ذرائع کے مطابق طاقت کے سب سے اہم مرکز جی ایچ کیو سے جس نام کا اشارہ کیا جارہا ہے، وہ لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد ہیں۔ چنانچہ سمری میں تاخیر کا مطلب یہی لیا جارہا ہے کہ 27؍ نومبر کو ریٹائرمنٹ کے بعد اس مرحلے کو آگے بڑھایا جائے۔ یہ وہ خدشہ ہے جو نواز لیگ کے تمام رہنماؤں کے ذہن میں موجود ہے، جسے نواز لیگ کے اہم رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے بیان نے واضح کردیا ۔ شاہد خاقان عباسی نے اپنے بیان میں دو اہم ترین باتیں کیں۔اولاً: وزیراعظم سمری نہ آئے تو بھی آرمی چیف کا تقرر کر سکتے ہیں۔ ثانیاً: سمری میں کسی اہل افسر کا نام شامل نہ ہو تو معاملہ عدالت میں چیلنج ہو سکتا ہے۔ عین وزیراعظم کے خط کے دن اور وزیردفاع خواجہ آصف کی جانب سے پارلیمنٹ کو آگاہ کیے جانے کے بعد شاہد خاقان عباسی کے اس بیان نے واضح کردیا کہ جی ایچ کیو سمری میں تاخیر کراسکتا ہے اور سمری پیش کیے جانے کی صورت میں کسی افسر کا نام کسی بھی وجہ سے شامل نہیں بھی کر سکتا۔ ظاہر ہے شاہد خاقان عباسی کی گفتگو میں یہ دونوں خدشات جھانک رہے تھے۔ اس صورتِ حال میں اسلام آباد میں یہ سمجھا جارہا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان کے مطابق ایک سے تین روز میں اگر فیصلہ کیا جانا مقصود ہے تو پھر نواز لیگ کا نام واضح ہے یعنی ، لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر اور اگر سمری میںتاخیر ہو رہی ہے تو رخصتی دروازے کی جانب گامزن آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پسندیدہ نام بھی کچھ مخفی نہیں رہا، اور وہ پسندیدہ نام لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد اور دوسرا کوئی بھی ہو، مگر وہ نام لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کا نہیں ہے۔ یہ صورتِ حال اگلے دوتین روز کے حالات کو ڈرامائی بھی بنا سکتی ہے، جس میں سے ایک بغیر سمری کے آرمی چیف کی تقرری کے علاوہ سیاسی حالات میںنئی کروٹوں کی راہ ہموار کرنے پر بھی محمول ہو سکتی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں