اگر مولانا کو فیس سیونگ دینی پڑے تو دے دینی چاہیے ،شیخ رشید
شیئر کریں
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے غبارے میں بہت ہوا بھر گئی لیکن یہ غبارہ جلد پھٹنے جارہا ہے ، اگر مولانا کو فیس سیونگ دینی پڑے تو دے دینی چاہیے ۔راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اس بات کا حامی ہوں اگر مولانا کو فیس سیونگ دینی پڑے تو دے دینی چاہیے ۔سربراہ جے یو آئی (ف)کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ا نہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سے مولانا فضل الرحمان کا کوئی واسطہ نہیں، وہ دو سال کشمیر کمیٹی میں رہے تاہم کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بہت خطرناک ذہن رکھتا ہے ، وہ سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت چاہتا ہے ، ایسے حالات میں مولانا فضل الرحمان کو مشورہ بھی دیا تھا۔انہوں نے خبردار کیا کہ لوگوں کو مسلح لوگوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، اگر کسی نے ایسا کیا تو قانون لازمی حرکت میں آئے گا، مولانا فضل الرحمان کو میڈیا نے 10 کی جگہ 100ایم جی کی ہوا بھر دی ہے جو پھٹنے جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ساری زندگی یہی سنا کہ حزب اختلاف وزیر اعظم کا استعفیٰ ہی مانگتی رہی مگر سزا لوگوں نے بھگتی۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے خورنوش کی قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار سابقہ حکومتیں ہیں، نواز شریف اور آصف زرداری نے 5،5 سال تک کرپشن کی لیکن عمران خان نے معیشت کا پہیہ چلا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ، سعد رفیق اور خواجہ آصف اچھے انسان ہیں لیکن میرا شہباز شریف کے علاوہ کسی سے رابطہ نہیں، یہاں تک کہ چوہدری نثار سے بھی نہیں، امید ہے معاملات بہتر سمت جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرحدوں پر فوجیں موجود ہیں اور کسلسٹر بموں کا بھی استعمال ہورہا ہے تاہم پاکستان کو خطرہ اندر سے ہے باہر سے نہیں۔انہوں نے بھارت کو خبردار دیا کہ ہم نے ایٹم بم دیکھنے کے لیے نہیں بنایا، یہ استعمال کرنے کیلئے رکھا ہے اور ضرورت پڑی تو اسے استعمال بھی کریں گے ۔