پاناما ریفرنسز کی منتقلی ،نواز شریف کے خلاف نیب کی اپیل سماعت کیلئے مقرر
شیئر کریں
سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق پاناما ریفرنسز کی منتقلی کے خلاف نیب کی اپیل سماعت کیلیے مقرر کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے پاناما ریفرنسز کی منتقلی کیخلاف چیئرمین نیب کی اپیل سماعت کیلیے مقرر کرتے ہوئے پراسیکیوٹر جنرل نیب کو نوٹس جاری کردیا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 25 ستمبر کو سماعت کریگا۔یاد رہے کہ احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر نے مسلم لیگ (ن) کے تین رہنماؤں نواز شریف، مریم اور صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
اس کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے دیگر دو ریفرنسز العزیزیہ اور فلیگ شپ کو احتساب عدالت نمبر 2 منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ نیب نے نواز شریف کے خلاف ریفرنسز کی منتقلی کو چیلنج کر رکھا ہے۔سپریم کورٹ میں دیگر اہم مقدمات بھی سماعت کے لیے مقرر کردیے گیے ہیں جن میں آصف زرداری کی درخواست اور این آر او کیس بھی شامل ہے۔ سپریم کورٹ نے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرنے کے خلاف آصف زرداری کی درخواست سماعت کیلیے مقرر کردی ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 25 ستمبر کو سماعت کرے گا۔ آصف زرداری نے عدالت کی جانب سے اثاثوں کی تفصیلات طلبی کا حکم چیلنج کررکھا ہے۔سپریم کورٹ نے آصف زرداری اور پرویز مشرف سے 2007 اور موجودہ اثاثوں کی تفصیل طلب کی تھیں۔ دونوں رہنماؤں سے بیگمات اور بچوں کے اثاثوں کی تفصیل بھی مانگی گئی تھی۔ عدالت نے این آر او کیس اور اصغر خان عملدرآمد کیس بھی 25 ستمبر کو سماعت کیلیے مقرر کردیے ہیں۔