میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آل پارٹیز کانفرنس، آفاق احمد، مصطفی کمال نے ایم کیو ایم کی دعوت قبول کرلی

آل پارٹیز کانفرنس، آفاق احمد، مصطفی کمال نے ایم کیو ایم کی دعوت قبول کرلی

ویب ڈیسک
منگل, ۲۲ اگست ۲۰۱۷

شیئر کریں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم نے کراچی میں کل جماعتی کانفرنس بلا لی، کانفرنس میں شرکت کے لیے ناراض دوستوں سے بھی رابطے شروع کردیے گئے۔ پاک سرزمین پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ملک کی سیاسی صورتحال، درپیش چیلنجز، موجودہ مسائل اور ملک دشمن عناصر کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔ پیر کو ایم کیو ایم کے وفد نے ڈپٹی کنوینر عامر خان کی سربراہی میں پاک سر زمین پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ پاکستان ہاؤس پہنچ کر پی ایس پی کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور انہیں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے وفد میں فیصل سبزواری، کامران ٹیسوری و دیگر بھی شریک تھے۔ پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر صغیر احمد، انیس ایڈووکیٹ، وائس چیئرمین وسیم آفتاب اور اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل نے ایم کیو ایم کے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان ہاؤس میں پاک سر زمین پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے پاکستان اور پاک سر زمین پارٹی کے حق میں نعرے لگائے۔انیس ایڈووکیٹ نے اس موقع پر کہا کہ 22 اگست کو سندھ بالخصوص کراچی کی عوام غدار وطن سے نجات پر یومِ نجات منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان اور اہلیانِ کراچی کے وسیع تر مفاد میں ایم کیو ایم غدار وطن (الطاف حسین) کے خلاف واضح موقف اختیار کرے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے پرچم کی توہین کرنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے،جبکہ مہاجر قومی موومنٹ نے بھی ایم کیو ایم (پاکستان) کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔ایم کیو ایم (پاکستان) کے وفد نے پیر کو عامر خان کی قیادت میں مہاجر قومی موومنٹ کے رہنماؤں سے ملاقات کی ۔وفد میں فیصل سبزواری ،امین الحق ،کامران ٹیسوری سمیت دیگر شامل تھے ۔مہاجر قومی موومنٹ کی جانب سے ملاقات میں شمشاد غوری اور خالد حمید ودیگر موجود تھے۔دونوں جماعتوں کے درمیان 25 سال میں یہ پہلا رابطہ ہے ۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے جسے ہم نے قبول کرلیاہے۔انہوںنے کہا کہ بلدیاتی اختیارات، جھنڈے جلانے والوں کی مخالفت اور شہر کا امن ایسے معاملات ہیں جن پر متفقہ لائحہ عمل ترتیب دینا ضروری ہوگیا ہے، پاکستان کے خلاف سازشوں پر مشترکہ لائحہ عمل ضروری ہے۔ ایم کیو ایم (پاکستان) کے وفد سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کی سربراہی میں پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو سے ملاقات اور ان کو آج (منگل) ہونے والی کثیر الجہتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ایم کیو ایم (پاکستان)کے وفد میں ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی ،ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ سمیت دیگر شامل تھے۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ نے پاکستان کی حرمت کی خاطر لیڈر سے لاتعلقی کا قدم اٹھایا،کسی سیاسی جماعت نے پاکستان کی حرمت کی خاطر اپنے لیڈر سے لاتعلقی نہیں کی ،ایسی آوازیں ایوان میں لگتی رہی ہیں، دوسروں کو بھی ہمت کرنی چاہیے۔انہوںنے کہا کہ میرا نہیں خیال ہمیں کسی کویہ پیغام دینے کی ضرورت ہے کہ ہم استحکام پاکستان کے ساتھ ہیں۔ ایم کیوایم پاکستان ملک کی سالمیت پرکوئی سمجھوتا یا مصلحت نہیں کرے گی ،کرپشن زدہ جمہوریت کا ساتھ نہیں دینا چاہیے۔ ا س موقع پر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے 22اگست کو ہونے والی کثیر الجماعتی کانفرنس کے لیے دعوت دی ہے، کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے پر ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ ابھی کانفرنس میں24 گھنٹے ہیں، پارٹی سے مشاورت کے بعد شرکت سے متعلق جواب دیں گے،دعا گو ہیں کہ ایم کیو ایم پاکستان کی یہ کانفرنس کی کوشش کامیاب ہو۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں