وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات آج ہوگی
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ امریکا کے دوران آج (22جولائی کو) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات کریں گے ۔دونوں سربراہان کے درمیان یہ ملاقات پاک امریکا تعلقات کی تجدید کا حصہ ہے ۔ذرائع کے متعلق اس ملاقات میں فریقین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں دو طرفہ تعاون پر بات چیت ہوگی مگراس ملاقات کا محوری نکتہ افغانستان میں قیام امن کے لیے مل کر کام کرنے سے متعلق ہو گا۔وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی ذوالفقار بخاری بھی موجود ہوں گے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق امریکی صدر عمران خان کو وائٹ ہاؤس کا دورہ کروائیں گے اور ملاقات اور بات چیت کے لیے زیادہ وقت دیں گے ۔ اپنے پہلے دورہ وائٹ ہاؤس کے دوران وزیراعظم ممکنہ طور پر 2 سیشن میں شرکت کریں گے ، پہلا سیشن ایک گروپ ملاقات جبکہ دوسری ایک بڑی ملاقات ہوگی، ان ملاقات میں پہلی اوول آفس میں جبکہ دوسری کابینہ روم میں ہوگی۔پراپرٹی ڈویلپر سے ریئلٹی ٹی وی اسٹار بننے والے ڈونلڈ ٹرمپ اور کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان عمران خان دونوں نے سیاست کی وادی میں قدم رکھنے سے قبل ہی شہرت پائی۔ دونوں میں حیرت انگیز مماثلتیں پاک امریکا تعلقات میں ایک اہم موڑ ثابت ہوسکتی ہیں۔