صاحب ثروت افراد ضرورتمندوں کو نہ بھولیں: وزیر اعظم کی عید کی مبارکباد
شیئر کریں
وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کی گئی۔عید الفطر کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دعا ہے یہ مبارک گھڑی ہم سب کی زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور خوشیاں لے کر آئے، اپنے ارد گرد ضرورت مندوں، محتاجوں، یتیموں اور ناداروں کے ساتھ صلہ رحمی کا مظاہرہ کریں، مشکل دور ہے، صاحب ثروت کے ایثار و محبت کی آج زیادہ ضرورت ہے، مشکلات کے شکار افراد کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اتحادی حکومت کی کوشش رہی ہے کہ معاشی مشکلات کا کم سے کم بوجھ عوام تک پہنچے، ہم ہر ممکن حد تک ریلیف عوام تک پہنچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں، میرا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ان آزمائشوں سے نجات عطا فرمائے گا، صیام کے بعد عید کی مانند ہماری محنت ملک و قوم کی زندگی میں معاشی بہتری کی عید لائے گی، عید پر سیلاب متاثرین کو بھی نہ بھولیں۔