میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پاکستان کا غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کا فیصلہ(وزیراعظم نے امریکی صدرٹرمپ کی دعوت قبول کرلی)

پاکستان کا غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کا فیصلہ(وزیراعظم نے امریکی صدرٹرمپ کی دعوت قبول کرلی)

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۲ جنوری ۲۰۲۶

شیئر کریں

 

بورڈ آف پیس سے انسانی امداد میں نمایاں اضافے اور غزہ کی تعمیر ِ نو کیلئے عملی اقدامات ممکن ہوں گے، فلسطین کے حق خودارادیت، القدس الشریف کو دارالحکومت بنانے اور آزاد ریاست کی راہ ہموار ہوگی

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد اور فریم ورک کے تحت غزہ امن منصوبے کے نفاذ میں معاونت کی اپنی مسلسل کوششوں کے سلسلے میں بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا،دفتر خارجہ

پاکستان نے غزہ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ٹرمپ کے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت قبول کر لی ہے۔تفصیلات کے مطابق غزہ میں پائیدار قیام امن کیلیے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت امریکی صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کو دی جس کو انہوں نے قبول کرلیا۔پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد اور فریم ورک کے تحت غزہ امن منصوبے کے نفاذ میں معاونت کی اپنی مسلسل کوششوں کے سلسلے میں بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو امید ہے کہ اس فریم ورک کے قیام سے مستقل جنگ بندی کے نفاذ، فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد میں نمایاں اضافے اور غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے عملی اقدامات ممکن ہوں گے۔پاکستان نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ یہ کاوشیں فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کی راہ ہموار کریں گی، بین الاقوامی قانونی حیثیت اور متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک قابلِ اعتماد اور وقت کے تعین کے ساتھ سیاسی عمل ناگزیر ہے۔پاکستان نے امید ظاہر کی کہ بورڈ آف پیس کے نتیجے میں 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل، القدس الشریف کو دارالحکومت بنانے والی ایک آزاد، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ ہموار ہو سکے گی۔پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بورڈ آف پیس کے رکن کی حیثیت سے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا، تاکہ ان اہداف کا حصول ممکن ہو اور فلسطین کے مظلوم عوام، بالخصوص ہمارے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی تکالیف کا خاتمہ کیا جا سکے۔واضح رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات اور ترکیہ نے بھی بورڈ آف پیس میں بطور رکن شمولیت کا اعلان کیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں