سعدرضوی کی عدم رہائی ،کالعدم ٹی ایل پی کی ملک گیراحتجاج کی تیاریاں
شیئر کریں
کالعدم تحریک لبیک پاکستان نے حکومت کی جانب سے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی اور حافظ سعد رضوی کی رہائی میں رکاوٹیں پیدا کرنے پر خاموشی توڑ دی۔ مرکزی مجلس شوریٰ کی ہدایت پر لاہور میں دھرنا دے دیا گیا، کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کارکنان ہنگامی کال ملنے سے متعلق الرٹ ہو گئے، حکومت مذہبی جماعت کی جانب سے ملنے والی ڈیڈ لائن کے 24گھنٹے گزرنے کے باجود بھی کسی قسم کا کوئی لائحہ عمل تیار نہ کر سکی۔ ذرائع کے مطابق حال ہی میں کالعدم قرار دی گئی جماعت نے ملک گیراحتجاج کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اس ضمن میں گزشتہ روز مرکزی مجلس شوریٰ کی ہدایت پر لاہور میں جامع مسجد رحمت العالمین (مرکز)پر دھرنا دے دیا گیا ہے، جبکہ حکومت کو ٹیبل ٹاک کرنے سے متعلق 48گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا گیا ہے جس کے 24گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی حکومت کی جانب سے کوئی رد ِ عمل سامنے نہیں آ سکا ہے۔ ٹی ایل پی کی مرکزی قیادت کی جانب سے آ ج شام 5بجے دھرنے کو ملک گیر سطح تک پہچانے کے لیے اہم اعلان کیے جانے کا بھی امکان ہے۔ذرائع کے مطابق حکومتی سطح سے رابطے کی صورت میں مرکزی مجلس شوریٰ کی جانب سے حافظ سعد رضوی کی غیر قانونی نظر بندی اور فورتھ شیڈول سے ٹی ایل پی رہنماؤں کے ناموں کے خاتمے و دیگر اہم مطالبات سامنے رکھے جائیں گے، بعد ازاں دستاویزی معاہدے کے بعد دھرنا ختم کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔واضح رہے کالعدم تحریک لبیک پاکستان گزشتہ 15روزسے ملک کے مختلف شہروں میں پرامن احتجاج کو ضروری قرار دے رہی تھی جس پر کسی قسم کے نتائج نہ ملنے پر گزشتہ روز لاہور میں دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے اور کارکنان سے مسلسل طویل عرصے کے لیے ساز و سامان کے ہمراہ پارٹی کے مرکز پہنچنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔