افغانستان میں 2مساجد پر خودکش حملے، 60افراد جاں بحق
شیئر کریں
کابل (مانیٹرنگ/ خبر رساں ایجنسیاں) افغانستان میں 2 مختلف مساجد میں خود کش حملوں کے نتیجے میں 60 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 55 زخمی ہوگئے ہیں۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امام زمان مسجد میں خودکش بمبار نے گھس کر نمازیوں پرفائرنگ شروع کردی اورپھر خود کو دھماکے سے اڑادیا جس کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق اور 45 زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔کابل دھماکے کے کچھ ہی دیر بعد افغانستان کے صوبے غور کی مسجد میں بھی خودکش حملے کے نتیجے میں 20 افراد سے زائد جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوئے۔ ترجمان افغان وزارت داخلہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔دوسری جانب شدت پسند تنظیم داعش نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے جب کہ افغان صدر اشرف غنی نے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔