لیاقت علی قائم خانی کے سانگھڑ میں بھی پرتعیش اثاثے نکل آئے
شیئر کریں
کھپرو میں دو ایکڑ پر محیط شاندار پارک میں والد کا عالی شان مقبرہ تعمیر کیا گیا ہے ، پارک نما قبرستان کا ڈیزائن کراچی کے باغ ابن قاسم سے ملتا جلتا ہے ۔نیب کے ہاتھوں گرفتار سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کا تعلق ضلع سانگھڑ کے علاقے کھپرو سے ہے ، ان کے آبائی علاقے میں بھی مبینہ اثاثوں کے بارے میں نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔قریبی خاندانی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کھپرو اور سندھڑی کے علاقوں میں لیاقت قائم خانی کی مبینہ طور پر 500ایکڑ سے زائد زرخیز زرعی زمین ہے ۔کھپرو میں ایک ایکڑ پر محیط جدید سہولیات سے مزین سینٹرلی ایئر کنڈیشن بنگلے کے علاوہ برائلر مرغی کے کئی فارمز، بھینسوں کے باڑے اور کھپرو شہر کے وسط میں مارکیٹس بھی ہیں۔قریبی ذرائع کے مطابق کھپرو میں دو ایکڑ پر محیط شاندار پارک میں والد کا عالی شان مقبرہ تعمیر کیا گیا ، پارک نما قبرستان کا ڈیزائن کراچی کے باغ ابن قاسم سے ملتا جلتا ہے ۔لیاقت قائم خانی کے والد عطائی ڈاکٹر تھے اور ان کے نام پر میرپورخاص میں نجی کالج بھی قائم ہے ۔واضح رہے کہ جعلی اکائونٹس کیس میں تحقیقات کرتے ہوئے نیب راولپنڈی نے اسلام آباد میں مقیم کراچی کے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے کراچی میں گھر پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کے ساز و سامان کی دستاویزات بر آمد کیں۔چھاپے کے دوران بر آمد ہونے والی 8 لگژری گاڑیوں میں مرسیڈیز اور لینڈ کروزر بھی شامل جبکہ جدید اسلحے کی بڑی تعداد بھی بر آمد کی گئی، اس کے ساتھ ساتھ سونا، قیمتی زیورات اور کراچی اور لاہور کے بنگلوز کی دستاویزات بھی سامنے آئی ہیں۔ان کے گھر سے 4 بائی 6 فٹ کے دو بڑے لاکرز بھی پکڑے گئے تھے ، سابق ڈی جی پارکس کے ذاتی سامان میں سے سونے کے بٹن اور کف لنکس بھی بر آمد ہوئے تھے ۔ملزم لیاقت قائم خانی کو باغ ابن قاسم کیس میں گرفتار کیا گیا تھا، ان پر بطور ڈی جی پارکس جعلی ٹھیکے دینے اور کلفٹن کے ایک پارک کا بڑا پلاٹ غیر قانونی الاٹ کرنے کا الزام تھا۔نیب کے مطابق سابق ڈی جی پارکس کا گھر انتہائی پْرتعیش اور عالی شان ہے جو اْن کی آمدن سے مطابقت نہیں رکھتا، گھر کے دروازے ریموٹ کنٹرول سے کھلتے ہیں اور گھر کے اندر باتھ روم 2 مرلے پرمحیط ہے ۔لیاقت علی قائم خانی میئر کراچی کے مشیر اور ایک بڑی سیاسی شخصیت کے فرنٹ مین کی حیثیت سے کام کرتا رہا ہے ۔