میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
1110 روز بعد اڈیالہ جیل کے دروازے کھل گئے، عمران خان الشفاء اسپتال منتقل

1110 روز بعد اڈیالہ جیل کے دروازے کھل گئے، عمران خان الشفاء اسپتال منتقل

جرات ڈیسک
جمعه, ۲۱ اگست ۲۰۲۶

شیئر کریں

بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال قافلے کی صورت میں روانہ کیا گیا

عمران خان کے ہمراہ ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل اور بہن ڈاکٹر عظمی بھی تھیں

اڈیالہ جیل سے شفا انٹر نیشنل اسپتال تک جگہ جگہ لوگ عمران خان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے کھڑے دکھائی دیے

اسلام آباد ایکسپریس وے کے پل پر عوام بڑی تعداد میں جمع ہوئے

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سپریم کورٹ کے حکم پر بانی تحریک انصاف عمران خان کو اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کر دیاگیا۔

واضح رہے کہ عمران خان کے لیے اڈیالہ جیل کے دروازے 1110 دنوں بعد کھل سکے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال قافلے کی صورت میں روانہ کیا گیا،

عمران خان کے ہمراہ ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل اور بہن ڈاکٹر عظمی بھی تھیں۔اڈیالہ جیل سے شفا انٹر نیشنل اسپتال تک جگہ جگہ لوگ عمران خان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے کھڑے دکھائی دیے۔

اسلام آباد ایکسپریس وے کے جس پل کے نیچے عمران خان کا قافلے کو گزرنا تھا، وہاں عوام بڑی تعداد میں عمران خان کی صرف ایک جھلک دیکھنے کے لئے جمع ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ متعدد راستوں پر عوام نے راستوں پر گل پاشی کی۔ جبکہ کچھ جگہوں پرسے آتش بازی کی بھی اطلاعات ملتی رہیں۔ اس دوران تحریک انصاف کے کچھ رہنما سوشل میڈیا پر عوام کو گھروں میں رہنے کی اپیل کرتے رہے۔

عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے بھی اپنے ایکس ہینڈل پر تحریک انصاف کے کارکنان کو صبرو تحمل اور نظم وضبط قائم رکھنے کی اپیل کی۔ اسی دوران میں شفا انٹرنیشنل اسپتال میں سیکیورٹی انتظامات کے لیے آئی جی اسلام آباد شفا انٹرنیشنل اسپتال پہنچے ،

شفا اسپتال کے باہر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی اور سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ۔

عمران خان کے شفا انٹرنیشنل اسپتال پہنچنے سے قبل ہی اسپتال کی سڑک کی لائٹس بجھا دی گئی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی اسپتال پہنچے ، شفا انٹرنیشنل کے باہر سیکورٹی کلیرنس شروع کی اور روڈ پر کھڑی گاڑیوں کو لفٹر نے فٹ پاتھ پر رکھ دیا۔

آئی جی کے ساتھ ڈی آئی جی سی ٹی او سمیت دیگر پولیس افسران موجود رہے ، شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ساتھ ملحقہ روڈ کو بند کردیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کا شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی سے پہلے طبی معائنہ کیا گیا، ڈاکٹروں کی 6رکنی ٹیم نے طبی معائنہ کیا اور رپورٹس کا جائزہ لیا۔

عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ بھی اس موقع پر اڈیالہ جیل کے اندر موجود تھے ۔ عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے سے قبل اڈیالہ کے اردگرد سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ، پولیس نے اطراف کی تمام دکانیں جبکہ اندھیرے کیلیے اردگرد لگی لائٹس بھی بند کرادیں۔

اس کے علاوہ اسلام آباد پولیس اسکواڈ کی دو گاڑیاں اڈیالہ جیل پہنچ گئیں۔تاہمم آخری اطلاعات تک محکمہ جیل خانہ جات کو شفا اسپتال کو سب جیل قرار دینے کے احکامات نہیں ملے تھے،

جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج و میڈیکل سہولیات کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال کے مقررہ حصے کو سب جیل قرار دینے کے لیے محکمہ جیل خانہ جات کو احکامات موصول نہیں ہوئے ۔

جیل ذرائع کے مطابق کسی بلڈنگ کو سب جیل قرار دینے و عملہ تعینات کرنے کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے احکامات ضروری ہیں، ابھی تک محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کو ایسے کسی قسم کے احکامات نہیں ملے نہ ہی اس کا علم ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں