شہبازشریف کاافغانستان کی صورتحال پر ان کیمرہ اجلاس بلانے کا مطالبہ
شیئر کریں
مسلم لیگ(ن) کے صدر شہبازشریف نے افغانستان کی صورتحال پر ان کیمرہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی بلا یا جائے، درپیش صورتحال پرغورکیا جائے ۔قومی وسیاسی سطح پر اس مسئلے اور اس کے نتیجے میں پاکستان پر ممکنہ اثرات کا تفصیلی اور گہرائی سے سنجیدہ تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ افغانستان کی صورتحال کے پورے خطے پر اثرات ہیں ۔کروٹ لیتے حالات میں پاکستان میں قومی اتفاق رائے اور ایک بیانیہ ناگزیر ہے ۔قومی مفادات کا تقاضا ہے کہ تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہوں۔علاوہ ازیں شہبازشریف نے پی ٹی آئی حکومت کے تین سال کو عوامی استحصال کے بدترین سال قرار دیتے ہوئے کہاکہ عوام آج تین سال پہلے کے پاکستان کو حسرت سے یاد کررہے ہیں ۔نوازشریف دور کی 5.8 فیصد کی ترقی، 3 فیصد مہنگائی، 35 روپے آٹا، 52 روپے کلو چینی سب یاد آرہا ہے،نوازشریف نے معیشت کو پیروں پر کھڑا کیا، آئی ایم ایف کو خداحافظ کہا، سی پیک دیا، روزگار، کاروبار دیا ،نوازشریف نے قوم کو بجلی، گیس کے اندھیروں سے نکالا، بجلی، گیس اور کھانے پینے کی قیمتیں بھی نہ بڑھائیں،تین سال میں یہ تبدیلی آئی کہ پاکستان کو دنیا کا مہنگا ترین ملک بنادیا، پی ٹی آئی کے تین سال منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور مافیاز کے لئے کھاو پیو مزے اڑاو کے سال ثابت ہوئے ۔انہوںنے کہاکہ تبدیلی کے تین سال غریب عوام کے لئے ظلم کی تین صدیاں بن گئے، مہنگائی نے ان کا زندگی کا سکھ چین چھین لیا ،تین سال میں عوام کو صرف مہنگائی، کرپشن اور مایوسی ملی ،تین سال میں ملک اور عوام کی قسمت کھوٹی کردی گئی، مزدور، ریڑھی والے سے لے کر صنعتکار تک سب ہاتھ مل رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ مہنگائی نے عوام کو کچل کررکھ دیا، ٹیکسوں کی بھرمار نے کاروبار کی جان نکال دی ۔