نیٹ فلکس کا پاس ورڈ شیئرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن پاکستان سمیت ہر ملک میں شروع
شیئر کریں
اگر آپ اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کے اکاؤنٹ کا پاس ورڈ دوستوں یا رشتے داروں سے شیئر کرتے ہیں تو بری خبر یہ ہے کہ اس کے خلاف کمپنی نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے کا آغاز فروری میں کینیڈا، نیوزی لینڈ، پرتگال اور اسپین سے شروع ہوا تھا جسے بعد میں امریکا سمیت دیگر ممالک تک توسیع دی گئی۔ مگر اب کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ 20 جولائی سے ہر ملک میں پاس ورڈ شیئرنگ کی روک تھام کی جائے گی۔ مختلف ممالک میں پاس ورڈ شیئرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے باعث اپریل سے جون 2023 کے دوران نیٹ فلکس کے صارفین کی تعداد میں لگ بھگ 60 لاکھ کا اضافہ ہوا۔ کمپنی نے بتایا کہ لگ بھگ پوری دنیا میں جمعرات سے پاس ورڈ شیئر کرنے پر اقدامات کیے جائیں گے۔ نیٹ فلکس کی جانب سے بتایا گیا کہ جن ممالک میں اب کریک ڈاؤن شروع ہو رہا ہے، وہاں اضافی ممبر شپ کا آپشن متعارف نہیں کرایا جا رہا، کیونکہ وہاں پہلے ہی فیس کافی کم لی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ جنوری 2023 کے آخر میں کمپنی نے یہ بتایا تھا کہ وہ کیسے ایک اکاؤنٹ کو مختلف افراد کو استعمال کرنے سے روکے گی۔