زرداری لوٹی دولت سے لوگوں کوخرید رہے ہیں'عمران خان
شیئر کریں
سابق وزیراعظم عمران خان دعوی کیا ہے کہ ایم پی اے کو خریدنے کے لیے 50 کروڑ روپے تک کی پیشکش کی جا رہی ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج لاہور میں سندھ ہاس ہارس ٹریڈنگ جیسے مناظر دوبارہ نظر آ رہے ہیں۔اس کھیل کے پیچھے آصف زرداری کا ہاتھ ہے جنہوں نے اپنی کرپشن پر این آر او حاصل کیا۔عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری لوٹی ہوئی دولت سے لوگوں کو خرید رہے ہیں ۔آصف زرداری کو جیل جانا چاہئیے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ نہ صرف ہماری جمہوریت پر بلکہ ہمارے معاشرے کے اخلاقیات پر بھی حملہ ہے۔ اگر سپریم کورٹ نے ایکشن لیا ہوتا اور منحرف اراکین پر تاحیات پابندی لگائی ہوتی تو اس طرح کے کاموں کو روکا جا سکتا تھا۔خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں وزارت اعلی کے الیکشن سے قبل ایک بار پھر جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جہاں تحریک انصاف کے ایک رکن کے 25 کروڑ میں بکنے کا انکشاف سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف ڈاکٹر شہباز گل نے دعوی کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن کو 25 کروڑ میں خرید لیا گیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک ایم پی اے 25 کروڑ میں زرداری اور ن لیگ نے خریدا ہے ، جس پر قوم ان غداروں کو نہیں چھوڑے گی۔