آخری وقت تک لڑینگے، عوامی عدالت کے سوا کوئی نوازشریف کو ہٹا نہیں سکتا، نواز لیگ
شیئر کریں
اسلام آباد(بیورو رپورٹ) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان کے باپ نے پاکستان میں کرپشن کی بنیاد رکھی جنہیں ذو الفقار علی بھٹو نے نوکری سے نکالا تھا ٗعمران خان صرف ایک نسل کا جواب دیں ٗ عمران خان کا وکیل بابر اعوان ایک فراڈیا انسان ہے۔جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ بنی گالہ سے زمان پارک تک کی جائیداد کرپشن کے پیسے سے بنائی گئی ٗ ان کی نیازی سروس بھی کرپشن کی کمائی میں ڈوبی ہوئی ہے ۔عابد شیر علی نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ عمران خان کے والد کو کرپشن کے الزام میں نوکری سے نکالا گیا، کیونکہ عمران خان اور ان کے والد دونوں قومی دولت لوٹ رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہماری لیڈر شپ نے چالیس سال کا حساب دیا، عمران خان صرف اپنی ایک نسل کا حساب دیں ۔انہوںنے کہاکہ کرپشن اور جھوٹ عمران خان کے خمیر میں شامل ہے ۔پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان عدالت سے مفرور ملزم ہیں اور بار بار بلاوے کے باوجود وہ عدالت حاضر نہیں ہو رہے ٗکیس کوجلدازجلدنمٹایاجائے اورنوٹس جاری کیے جائیں۔جمعرات کو میڈیا سے گفتگو میں دانیال عزیز نے کہاکہ اپوزیشن کی جانب سے پاناما کیس کو مسخ کیا جا رہا ہے ٗ میری وزیر اعظم سے درخواست ہے کہ وہ اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کریں تاکہ کیس کا کوئی حتمی نتیجہ نکالا جا سکے ۔وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پاناما کا مقدمہ کرپشن کا نہیں تھا اس کی توثیق سپریم کورٹ نے کی ،شریف خاندان نے سپریم کورٹ میں جو دستاویزات جمع کرائیں وہ تصدیق شدہ ہیں ،لیکن ہماری دستاویزات کے برعکس پیش کردہ ڈاکومینٹس کو جھوٹا ثابت کریں گے، مخالفین نے پاناما کیس کو سیاسی بیساکھی کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی، امید ہے پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ تماشا لگانے والوں کی درخواست مسترد کرے گی۔ وزیراعظم نواز شریف کیخلاف ثبوت موجود نہیں اس لیے پاناما کیس کو ٹرائل کورٹ میں لے جانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ آخری وقت تک لڑتے رہیں گے اور عمران خان کی شکل میں سازشوں کے ٹولے کو پاکستان کے عوام بھی مسترد کریں گے۔سپریم کورٹ سے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) نے رہنما طلال چودھری نے کہا کہ آج بہت سے ایسے لوگ سپریم کورٹ میں آتے ہیںجنہیں کئی بار قوم نے مسترد کردیا ہے اور جومحمد نواز شریف کوہرانے میں بار بار ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی یہ لوگ اس امید پر سپریم کورٹ میں آتے ہیں کہ آج کی تاریخ سے ان کی کوئی جیت نکلے اور یہ کسی اورطرح وزیر یا وزیراعظم نہیں بن سکے تو اس طرح وزیراعظم بن جائیں۔