251 فلسطینیوں کی شہادت کے باوجود جرمنی کا اسرائیل سے اظہار یکجہتی
شیئر کریں
جرمنی کے وزیر خارجہ ہیکو ماس نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یہاں آئے ہیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق جرمنی کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کو وسیع پیمانے پر ہونے والے ناقابل تلافی حملوں کے خلاف اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے ۔جرمنی کے وزیر خارجہ ہیکو ماس نے اسرائیل کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جنگ بندی کا بھی کہا ہے ۔جرمنی کے وزیر خارجہ اسرائیل کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے ایک ایسے وقت میں پہنچے ہیں کہ جب اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 251 بے گناہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، شہدا میں 66 بچے اور 38 خواتین بھی شامل ہیں۔جرمنی کے وزیر خارجہ نے اسرائیل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا بھی ذکر کیا ہے تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اسرائیلی بمباری سے 72 ہزار فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں اور 500 سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں۔اسرائیل نے تمام عالمی قوانین اور حدود و قیود کی دھجیاں اڑاتے ہوئے عالمی ذرائع ابلاغ کے دفاتر کو بھی بدترین بمباری کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں یوسف ابو حسین نامی صحافی نے بھی جام شہادت نوش کیا ہے ۔یوسف ابو حسین نامی صحافی الاقصیٰ ریڈیو اسٹیشن سے وابستہ تھے اور عرصہ دراز سے پیشہ وارانہ فرائض انجام دے رہے تھے ۔