چینی بحران سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ ، وزیراعظم نے آج کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا
ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۱ مئی ۲۰۲۰
شیئر کریں
چینی بحران سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ پر وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس (آج) جمعرات کوطلب کرلیا۔نجی ٹی وی کے مطابق چینی بحران سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ تیار ہوگئی ہے اور اس پر بحث کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کرلیا۔اجلاس (آج) جمعرات کو دوپہر ایک بجے وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوگا جس میں چینی بحران پر تحقیقاتی رپورٹ کابینہ کو پیش کی جائے گی اور رپورٹ پر کابینہ کو تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی۔واضح رہے کہ ایف آئی اے نے چینی اسکینڈل کا فورنزک آڈٹ مکمل کرلیا ہے جس میں ٹیکسوں کی مد میں اربوں روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے ، اور بتایا گیا کہ شوگر مافیا کا تعلق تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہے ۔