میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
” ہُوا۔شاں“پاکستان میں چینی اخبار کے 60ہزار قارئین ۔۔!!

” ہُوا۔شاں“پاکستان میں چینی اخبار کے 60ہزار قارئین ۔۔!!

ویب ڈیسک
اتوار, ۲۱ مئی ۲۰۱۷

شیئر کریں

پاکستان اور چین میں موجود کاروباری افراد اسے شوق سے پڑھتے ہیں،مستقبل میں اسے روزنامہ بنایا جائے گا
دو سال سے یہ اخبار شائع کر رہے ہیں ،پاکستان میں چینی زبان کی صحافت کا مستقبل روشن ہے،ایڈیٹررما
ہفت روزہ” ہُوا۔شاں “پاکستان سے چینی زبان میں شائع ہونے والا پہلا ہفت روزہ ہے۔ اخبار کے مطابق اس کی اشاعت پانچ ہزار ہے اور اس کے قارئین کی تعداد 60 ہزار ہے۔ ہفتہ وار اخبار کا دفتر اسلام آباد میں دو سال سے کام کر رہا ہے اور رواں ہفتے اس کا 21 واں ایڈیشن شائع ہوا ہے۔ اخبار کی چیف ایڈیٹر چینی نژاد رما ہیں جبکہ عملے میں چینی اور پاکستانی افراد دونوں شامل ہیں۔
” ہُوا-شاں“کے دفتر میں موجود ہوں تو ایسا نہیں لگتا کہ اسلام آباد کے مصروف کاروباری علاقے میں واقع عمارت میں ہوں بلکہ کان پڑی آوازیں، دیواروں پر آویزاں تصاویر اور چینی روایتی قہوے کے لوازمات سبھی بیجنگ کے ماحول کے عکاس لگتے ہیں۔
چینی زبان میں ” ہُوا-“ کا مطلب ہے پھول اور ”شاں“کا معنی ہے کاروبار۔ اس طرح لفظی معنی ہوا پھول کاروبار لیکن لغوی معنی ہے خالص کاروبار۔
اخبار کی چیف ایڈیٹر رما کہتی ہیں کہ ”اخبار پاکستان اور چین میں کاروبار کے حوالے سے خاص طور پر کام کرتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کی ادارتی پالیسی میں دونوں ملکوں کی ثقافت، سیاحت اور تفریح سے متعلق خبروں کو بھی اہمیت دی جاتی ہے۔“
چیف ایڈیٹر رما خود پاکستان میں نو وارد ہیں اور کہتی ہیں کہ پاکستان کی ثقافت میں گھلنا ملنا ان کی توقع سے زیادہ آسان ثابت ہوا۔اخبار چینی زبان کے ساتھ انگریزی میں بھی شائع ہوتا ہے۔ ادارے کے مطابق اس کے صارفین میں پاکستان میں چینی سفارت خانے کا عملہ، چینی کمپنیوں میں کام کرنے والا اسٹاف بھی شامل ہے جبکہ پاکستان اور چین میں موجود کاروباری افراد بھی اسے شوق سے پڑھتے ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں ہفتہ وار اخبار کو روزنامے کے صورت دینا چاہے گا۔ ان کی نظر میں پاکستان میں چینی زبان کی صحافت کا مستقبل روشن ہے۔اخبار سے منسلک سینیئر عہدیدار ارسلان رضا نے برطانوی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کے اس وقت پاکستان میں چار لاکھ چینی افراد موجود ہیں جبکہ صرف اسلام آباد میں ان کی تعداد 20 سے 25 ہزار کے درمیان ہے۔ اس لیے چینی زبان کے پڑھنے والے بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ”ہوا- شاں“ پاکستان اور چین دونوں جانب سے قارئین کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے گا۔
پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے اعلان کے بعد سے توانائی، تعمیر اور مواصلات کی کئی کمپنیوں نے پاکستان میں کاروبار بڑھایا ہے لیکن یہ ہفتہ وار چینی اخبار اپنی نوعیت کا پہلا صحافتی قدم ہے۔تاہم قیاس یہی ہے کہ گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں چینی میڈیا بھی زور پکڑے گا ،خصوصا پاک چین مشترکہ فائبر آپٹک نظام کے قیام کے بعد چینی چینلزکا اثرورسوخ بڑھ جائے گا ،جبکہ چینی روزنامے،ہفت روزہ اخبار و جریدے بھی پاکستان سے شائع ہونے کے امکانات ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں