حیدرآباد، شدید گرمی کے دوران بجلی کابحران ،شہری بلبلااٹھے
شیئر کریں
( رپورٹ:شاہنواز خاصخیلی) حیدرآباد میں بجلی بحران نے شہریوں کا جینا اجیرن کردیا، کئی علاقوں میں دو دن گزرنے کے باوجود جلے ہوئے ٹرانسفارمر تبدیل نہیں ہوئے، شہری سراپا احتجاج، ٹمبر مارکیٹ میں سینکڑوں مرد، خواتین و بچوں کا احتجاج، حیسکو عملہ غائب، تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں بجلی کا بحران ایک بار پھر بڑھتا جارہا ہے، شہر کے مختلف مقامات پر بجلی کی عدم فراہمی اور ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث شہری سراپا احتجاج ہیں۔ حیدرآباد کی ٹمبر مارکیٹ کے قریب بجلی کی عدم فراہمی کے باعث علاقہ مکین جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے سڑکوں پر نکل آئے احتجاج کیا اور حیسکو انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات سے بجلی بند ہے جس کی وجہ سے روزے میں انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، اس کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات ہوم اسٹیڈ ہال، فقیر کا پڑ، گاڑی کھاتہ، اسٹیشن روڈ، گڈز ناکہ، ملت آباد، لطیف آباد اور قاسم آباد سمیت دیگر علاقوں میں 9سے 10 گھنٹے تک بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ دوسری جانب حیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے حیسکو میں سینٹرل کنٹرول روم میں حیسکو چیف،جنرل منیجر آپریشن،چیف انجینئر پلاننگ اینڈ انجینئرنگ،ایس ای حیدرآباد سرکل،لاڑ سرکل، میر پور خاص، نوابشاہ سرکل کی نگرانی میں تمام ایگزیکٹیو انجینئرز،ایس ڈی اوز اور لائن اسٹاف کسی بھی فنی خرابی کو دور کرنے کیلئے24گھنٹے ہائی الرٹ ہیں، رمضان المبارک کے ساتویں روز بھی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے، سحری،افطاری اور تروایح کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی، حیسکو چیف نے تمام افسران کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ صارفین کی شکایات دور کرنے کو اولین ترجیح دیں۔ علاوہ ازیں حیسکو انتظامیہ نے ماہ صیام میں سحری، افطاری اور تراویح کے اوقات میں صارفین سے بجلی کے غیر ضروری چراغاں سے گریز اور بجلی ضرورت کے مطابق استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔