سری لنکا میں معاشی بحران، پیٹرول کیلئے قطار میں کھڑے دو افراد انتقال کر گئے
شیئر کریں
سری لنکا میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت اور آسمان کو چھوتی قیمتوں کے باعث پیٹرول اور ایندھن کو محفوظ کرنے کی جدوجہد کے دوران قطار میں لگے 2 افراد انتقال کرگئے۔ سری لنکا میں معاشی بحران شدت اختیار کر گیا ہے جس کے باعث شہری پیٹرول اور ایندھن کے لیے گھنٹوں قطار میں لگنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق اتوار کے روز سری لنکا کے 2 مختلف حصوں میں پیٹرول اور ایندھن لینے کے لیے لگی قطار میں انتظار کرتے دو معمر افراد اچانک گر گئے اور جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس کے مطابق انتقال کرنے والے افراد میں سے ایک کی عمر 70 سال تھی اور وہ پیشے سے ڈرائیور تھا جبکہ ذیابیطس اور دل کا مریض بھی تھا جبکہ دوسرے شخص کی عمر 72 سال تھی، دونوں ایندھن اور پیٹرول لینے کے لیے تقریباً چار گھنٹے سے قطار میں کھڑے تھے۔ واضح رہے کہ سری لنکا میں زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی،مالیاتی بحران کے سبب خوراک، ایندھن اور ادویات کی شدید قلت ہوگئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق اتوار کو سری لنکا نے خام تیل کا ذخیرہ ختم ہونے کے بعد اپنی واحد ایندھن ریفائنری میں بھی کام معطل کر دیا۔