اسلام آباد، پیپلز پارٹی رہنمائوں سمیت 50 سے زائد کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج
شیئر کریں
اسلام آباد پولیس نے 50سے زائد جیالوں کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمے میں پولیس اہلکاروں پر پتھرا ئواور کارسرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔جیالوں کو جلال میں آنا مہنگا پڑ گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی نیب عدالت کے روبرو پیشی کے موقع پر جمع ہونے والے جیالوں پر الزام ہے کہ انہوں نے قانون ہاتھ میں لیا اور کار سرکار میں مداخلت کی۔نادرا چوک میں ہونے والی جھڑپ میں پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور پکڑ دھکڑ کے بعد جیالوں کے پتھرا ؤکے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے تھے ۔ اسلام آباد پولیس نے 50 سے زائد جیالوں کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کر لیا ہے ۔مقدمے میں پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ اور کارسرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئی ہیں تاہم پی پی سینیٹرز کا نام ایف آئی آر میں ڈالنے پر پولیس تاحال تذبذب کا شکار ہے ۔ ادھر تھانہ کہسار اور آبپارہ میں گرفتار دیگر پی پی کارکنوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔