حلیم عادل شیخ کی گرفتاری،تحریک انصاف،آئی جی سندھ میں ٹھن گئی
شیئر کریں
(رپورٹ: شعیب مختار) پاکستان تحریک انصاف اور آئی جی سندھ میں ٹھن گئی، گورنر سندھ اور متعدد اراکین اسمبلی کی جانب سے وزیراعظم کو شکایت کر دی گئی، اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری پی ٹی آئی اور آ ئی جی سندھ کے تنازع کا باعث بن گئی، کارکردگی سے متعلق وفاق کے تمام تر تحفظات سے سندھ حکومت کو آگاہ کرنے کا ٹاسک گورنر سندھ کو دے دیا گیا۔ سینیٹ الیکشن سے قبل وزیراعظم کی کراچی آمد متوقع ذرائع کے مطابق حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو آئی جی سندھ کی کارکرگی پر سخت تحفظات ہیں۔ اس ضمن میں گزشتہ روز سینیٹ انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم پر پی ٹی آئی سندھ کے ناراض رہنماؤں کی جانب سے ویڈیو لنک اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو آ ئی جی سندھ کے متنازع رویے سے متعلق آ گاہ کرتے انہیں فوری طور پر تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جبکہ پی ٹی آ ئی اراکین اسمبلی کی سیکورٹی واپس لینے سے متعلق سندھ حکومت کی انتقامی کارروائیوں پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے، جس پروفاق نے ایک مرتبہ پھرآ ئی جی سندھ کی تبدیلی پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے بھی وزیراعظم پاکستان سے رابطے کو یقینی بنایا گیا ہے اور انہیں آئی جی سندھ کے رویے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے، جس پر عمران خان کی جانب سے شدید برہمی کا اظہار کیا گیا ہے، آئندہ چند روز میں معاملے پر گونر سندھ کی وزیراعلیٰ سندھ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔