میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سفر یاد....قسط30

سفر یاد....قسط30

منتظم
منگل, ۲۰ دسمبر ۲۰۱۶

شیئر کریں

shahid-a-khan

شاہد اے خان
جلال صاحب کے گھر سے نکل کر ہم پاکستانی ہوٹل کے پاس جا کر کھڑے ہو گئے۔ اب ہمیں کسی لیموزین کا انتظار تھا، ہم جتنا جانتے تھے اس کے مطابق لیموزین ایک طویل شاندار اور انتہائی مہنگی لگژری کار ہوتی ہے۔ یہ عام کار سے دو تین گنا لمبی ہوتی ہے اور اس میں سیٹوں کی جگہ کاوچ لگی ہوتی ہے جس پر آرام سے لیٹ سکتے ہیں۔ لیموزین میں فرج اور کھانا کھانے کی ٹیبل بھی ہوتی ہے۔ ہم نے اس سے پہلے لیموزین صرف فلموں میں دیکھی تھی، آج اس گاڑی میں بیٹھنے کا موقع مل رہا تھا ،ہم اتنی مہنگی لگژری کار میں بیٹھنے کے تصور سے تو خوش تھے لیکن اس بات کا بھی ڈر تھا کہ نہ جانے یہ سفر ہمیں کتنا مہنگا پڑنے جا رہا تھا، ظاہر ہے لیموزین کی سواری سستی توبالکل بھی نہیں ہوگی۔ ہمارے پاس دو سو ریال موجود تھے لیکن اگر کرایہ زیادہ ہوا تو کیا ہوگا، ہم نے سوچا اگر زیادہ پیسے لگے تو ہم کیمپ پہنچ کر اپنے کیبن سے لاکر دے دیں گے۔ اسی کھٹی میٹھی سوچ میں آدھا گھنٹا گزر گیا، سڑک سے کوئی لیموزین نہ گزری۔ اب ہمیں کچھ تشویش شروع ہوئی، ہم نے پاکستانی ہوٹل کا رخ کیا، وہاں موجود ایک صاحب سے پوچھا کہ بھائی یہاں سے کوئی لیموزین گزرتی بھی ہے یا نہیں، اس بندہ خدا نے جواب دیا لیموزین تو آتی جاتی رہتی ہیں، آپ نے کہاں جانا ہے۔ ہم نے کہا جانا تو ہمیں جنادریہ ہے لیکن کوئی لیموزین آئے تو ہم وہاں پہنچیں۔ ان صاحب نے سڑک کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا وہ دیکھیں وہ گزری ایک لیموزین۔ ہم نے آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر سڑک پر دیکھا دور دور تک کسی لیموزین کا نام و نشان نہ تھا۔ ہم نے پھر پوچھا بھائی کہاں ہے لیموزین ، اس شخص نے ہمیں ایسے دیکھا جیسے ہماری ذہنی حالت کو مشکوک سمجھ رہا ہو پھر بولا وہ دیکھو وہ سامنے لیموزین آرہی ہے، سامنے سے ایک عام سی گاڑی آ رہی تھی جس کی چھت پر پیلے رنگ کی لائٹ لگی تھی اور عربی میں کچھ لکھا تھا۔ مزید سوچنے کا وقت نہیں تھا ہم نے دوڑ کر اس گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، گاڑی رکی تو ڈرائیور نے شیشہ اتار کر ہماری طرف دیکھا ہم نے کہا جنادریہ جانا ہے۔ ڈرائیور پاکستانی تھا، بولا بیٹھ جائیں۔ ہم دروازہ کھول کر ڈرائیور کے ساتھ والی سیٹ پر بیٹھ گئے۔ ڈرائیور نے گاڑی آگے بڑھائی، ہم نے ڈرائیور سے سلام دعا کے بعد پوچھا کیا یہ گاڑی لیموزین ہے ،ہم نے تو تصویروں میں ایک بہت لمبی خوبصورت اور لگژری لیموزین ہی دیکھی ہے۔ ڈرائیور ہنسنے لگا، پھر بولا بھائی یہاں سعودی عرب میں ٹیکسی کو لیموزین کہتے ہیں۔ زیادہ تر کرولا ٹیکسی کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔ اب ہماری سمجھ میں آیا کہ یہاں لیموزین ٹیکسی کو کہا جاتا ہے، ہم نے ٹیکسی ڈرائیور سے پوچھا بھی کہ ٹیکسی کو ٹیکسی کیوں نہیں کہتے لیموزین کیوں کہتے ہیں، لیکن اس کا جواب اس کے پاس نہیں تھا۔ کہنے لگا بھائی میں چار سال سے یہاں ٹیکسی چلا رہا ہوں یہاں اسے لیموزین ہی کہتے ہیں اور ٹیکسی ڈرائیور کو لیموزین ڈرائیور۔
ریاض سمیت سعودی عرب میں ہزاروں ٹیکسیاں چلتی ہیں ،ان میں سے زیادہ تر کے ڈرائیور پاکستانی ہیں، سعودی عرب میں گاڑیاں اور پیٹرول سستا ہونے کی وجہ سے گاڑی رکھنا آسان ہے لیکن ان لاکھوں غیر ملکی کارکان کیلیے جو بہت کم تنخواہ پر کام کرتے ہیں گاڑی افورڈ کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔ اہلکاروں کے خیال میں ہر بندے کے پاس گاڑی ہے، اس لیے پبلک ٹرانسپورٹ کی کیا ضرورت ہے، اس لیے لوگوں کے پاس لے دے کر ٹیکسی ہی شہر میں سفر کرنے کا واحد وسیلہ بن جاتی ہے۔ ویسے2012میں سعودی عرب کی وزارت محنت نے اتوار کو مقامی لوگوں کو روزگار دینے کے ایک نئے منصوبہ کا اعلان کیا تھا جس کے تحت ٹیکسی کمپنیاں ملک بھر میں اٹھائیس ہزار سے زیادہ سعودی ڈرائیوروں کو بھرتی کریں گی جو غیر ملکی ڈرائیوروں کی جگہ لیں گے۔
سعودی عرب بھی بے روزگاری کے مسئلے سے دوچار ہے اوراس منصوبے کا مقصد سعودی نوجوانوں کی ٹیکسی ڈرائیور کے طورپر بھرتی کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ غیر ملکی ٹیکسی ڈرائیوروں کی جگہ لے سکیں۔2012میں سعودی عرب میں تینتالیس ہزار سے زیادہ ٹیکسیاں چل رہی تھیں جو ایک ہزار تین سو پچھتر کمپنیوں کی ملکیت تھیں۔ ٹیکسی ڈرائیوروں میں پندرہ ہزار سعودی اور دوسرے اٹھائیس ہزار غیر ملکی تھے۔قریباً چالیس فی صد ٹیکسیاں دارالحکومت ریاض میں چلتی ہیں، تینتیس فی صد جدہ اور سترہ فی صد مشرقی صوبے میں چل رہی ہیں۔
رات میں سڑکیں خالی تھیں۔ ٹیکسی ریاض شہر کی روشن عمارتیں چھوڑتی فراٹے بھرتی آگے بڑھ رہی تھی۔ آدھے گھنٹے میں ہم جنادریہ کیمپ پہنچ گئے،ٹیکسی کا کرایہ چالیس ریال بنا تھا وہ ادا کیا، ساتھ ہی ڈرائیور کا شکریہ بھی ادا کیا اور اس بات کا بھی شکر ادا کیا کہ ہمیں واپسی کے لیے کوئی اصلی لیموزین نہیں ملی ورنہ پتہ نہیں کتنا کرایہ بن جاتا۔۔۔۔ (جاری ہے)
٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں