تھائی لینڈ میں 200 بندروں کی غنڈہ گردی، پولیس بھی ڈر گئی
شیئر کریں
وسطی تھائی لینڈ میں 200 خطرناک بندر صوبہ لوپبوری کے ایک علاقے میں گھس گئے جس کے بعد وہاں غیر معمولی صورتِ حال پیدا ہو گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بندروں کے علاقے میں گھومنے پر ایک پولیس اسٹیشن میں اہلکاروں نے بھی خود کو اپنے ہی پولیس اسٹیشن میں بند کر لیا۔200کے قریب بندر علاقے میں گھسے جن میں سے کچھ نے مقامی پولیس اسٹیشن میں بھی گھسنے کی کوشش کی۔پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ اس موقع پر ہم نے دروازے اور کھڑکیاں بند کر لیں تاکہ بندر کھانے پینے کی چیزوں کے لیے عمارت میں داخل نہ ہوں، ہمیں خدشہ تھا کہ یہ بندر پولیس کی دستاویزات اور املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 12 سے زائد بندر پولیس اسٹیشن کی چھت پر موجود تھے ۔بعد ازاں علاقے میں پولیس اہلکاروں اور مقامی حکام کو ان بندروں کو پکڑنے اور رہائشی علاقوں سے دور رکھنے کی کوشش کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس علاقے میں رہنے والے لوگ طویل عرصے سے بندروں کی بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔مقامی حکام نے ان بے قابو بندر کے گروہوں کو روکنے کے لیے خصوصی دیواریں بھی بنائی ہیں۔واضح رہے کہ بھارت کی طرح تھائی لینڈ میں بھی مذہبی طور پر بندروں کو مقدس سمجھا جاتا ہے اور انہیں نقصان نہیں پہنچایا جاتا۔