رواں سال اب تک 1304بچے جنسی تشدد کا نشانا بن چکے ،رپورٹ
شیئر کریں
ایک غیر سرکاری تنظیم کی طرف سے جاری رپورٹ میں انکشاف کیا گیاہے پاکستان میں سال2019کے دوران اب تک تیرہ سو چار بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جا چکا ہے ۔غیر سرکاری تنظیم ساحل کی جانب سے بچوں پر ہونے والے جنسی تشدد کی رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ جنسی تشدد کا نشانہ بننے والوں میں سات سو انتیس بچیاں جبکہ پانچ سو پچہتر بچے جنسی تشدد کا شکار ہوئے ۔رپورٹ میں کہا گیاہے کہ رواں برس روزانہ7سے زائد بچے جنسی تشدد کا شکار ہوئے ،کم عمری میں شادی کے چالیس واقعات پیش آئے جبکہ ایک بچی کو ونی بھی کیا گیا۔ 12 بچوں اور بچیوں کو مدرسے میں جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔رپورٹ کے مطابق رواں برس جنسی تشدد کا شکار بننے والے بچوں کی سب سے زیادہ تعداد پنجاب کی ہے ۔پنجاب میں چھ سو باون سندھ میں چار سو اٹھاون بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔بلوچستان میں 32جبکہ اسلام آباد میں نوے بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔خیبرپختونخوا میں اکیاون ، آزاد کشمیر میں اٹھارہ اور گلگت بلتستان میں تین بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔گیارہ سو پینتالیس واقعات پولیس میں رپورٹ ہوئے جبکہ 38واقعات پولیس نے رپورٹ ہی نہ کیے ۔ رواں برس صوبائی دارالحکومت لاہور میں پچاس بچے جنسی تشدد کا شکار ہوئے ۔