میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پنجاب کیلئے اشرفیاں،ایم کیو ایم کا کراچی کیلئے بجلی سستی کرنیکا مطالبہ

پنجاب کیلئے اشرفیاں،ایم کیو ایم کا کراچی کیلئے بجلی سستی کرنیکا مطالبہ

ویب ڈیسک
منگل, ۲۰ اگست ۲۰۲۴

شیئر کریں

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ بجلی بلوں پر صرف پنجاب کو ریلیف دینا امتیازی سلوک ہے۔ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کا استعمال کرنے والے صارفین کی صورتحال سامنے ہے، گزشتہ دنوں مصطفی کمال بھائی نے بات کی تھی کیا سندھ میں رہنے والے پاکستان کا حصہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دیا گیا، صرف پنجاب کو ریلیف دینا امتیازی سلوک ہے، نواز شریف صاحب اپنی بیٹی کے ساتھ بیٹھ کر پنجاب کے لئے اشرفیاں لٹارہے ہیں۔فاروق ستار نے کہا کہ جبر کی چکی میں کراچی والوں کو پیسا جا رہا ہے، کراچی والوں سے 60 سے 64 روپے فی یونٹ بجلی بل لیا جارہا ہے۔ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ بجلی کی قیمت کو ساتویں آسمان سے اوپر پہنچادیا گیا ہے، کراچی کے شہریوں پر نا انصافی، ظلم اور جبر قائم ہو گیا، لوگوں کو مجبورکیا جارہا ہے کہ اسٹریٹ کرائم کریں، مجبورکیا جارہا ہے کہ لوگ سڑک پر بیٹھ جائیں۔انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کی نہیں جان چھوٹ رہی ہے، لوگوں کو خودکشی کی جانب دھکیلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، بلوں میں کمی نہیں کر پا رہے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں اضافہ اونٹ کی کمر میں تنکا ہے۔فاروق ستار نے کہا کہ ڈسکوز کے لیے 31 پیسے فی یونٹ کی کمی کی گئی، اس ملک کے پالیسی ساز اداروں کو ہوش کے ناخن لینا ہونگے، ہوش کے ناخن نہ لیے تو کراچی کی شاہراہوں پر انتشار نظر آئے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں