میری اطلاع کے مطابق ابھی کوئی ریفرنس دائر نہیں ہوا، وزیرمملکت طلال چوہدری
شیئر کریں
پارلیمنٹ کی عزت کی حفاظت کرنا اسپیکر کا فرض ہے، انٹرویو
وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سب سے سپریم ہے اس کی عزت کی حفاظت کرنا اسپیکر کا فرض ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ ان کی اطلاع کے مطابق ابھی ریفرنس دائر نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر پارلیمنٹ کے کسٹوڈین ہیں اس لیے پارلیمنٹ کی عزت اور تحریم کی حفاظت کرنا ان کا فرض ہے۔طلال چوہدری نے کہا کہ دنیا میں اصول ہے کہ پارلیمنٹ سب سے سپریم ہوتی ہے، پارلیمنٹ کی توہین کا ایک اصول ہے، دنیا میں بہت ملک ایسے ہیں جہاں بہت افسران اور ججوں کے خلاف پارلیمنٹ کی توہین پر کارروائی ہوئی۔وزیر مملکت نے کہاکہ ریاست عوام اور پارلیمنٹ کی توہین سب سے سپریم ہے اور اسپیکر کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس ذمہ داری کو نبھائے کیونکہ اگر کوئی ادارہ اپنی عزت نہیں کرائے گا تو کوئی اس کی عزت نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ دوسرے اداروں کو حق دیتی ہے کہ ان کی توہین پر کیا سزا ہوگی تو پھر ایسے ادارے کی توہین کیوں کی جائے۔طلال چوہدری نے کہا کہ اتنا بڑا فیصلہ آیا جو متنازعہ ہے،ایک وزیراعظم آرام سے گھر چلا گیا اس نے انگلی تک نہیں اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ دیکھ رہے ہیں کہ کون مقدس گائے ہیں ، اگر کسی سے غلطی ہوئی ہے تو اسے گھر جانا چاہیے۔