سندھ میں پرائمری اسکول21،مزارات ،پارکس 28جون سے کھولنے کااعلان
شیئر کریں
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ہفتہ کے روز وزیراعلی ہاس میں انسداد کورونا سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے 21 جون سے پرائمری اسکولز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 28 جون سے مزارات ، تفریحی پارکس ، جم اور سوئمنگ پول کھولنے کا فیصلہ بھی کیا ہے شادی ہالزاوربینکوئٹ بدستوربندرہیں گے اور ویکسین ڈوزز کی کمی کے باعث ویکسی نیشن مراکز صرف اتوار(آج)کو بند ہوں گے۔ محکمہ صحت نے ٹاسک فورس اراکین کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 18 جون کو 13970 ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں سے 542 کیسز کا پتہ چلا جوکہ 3.9 فیصد تشخیصی شرح بنتی ہے ۔ اس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ مجموعی طور پر تشخیصی شرح کم ہوگئی ہے لیکن صرف کراچی میں ہی 8.08 فیصد تشخیصی شرح ہے۔ انہوں نے کہا جن اضلاع میں شرح کم ہے وہ یہ ہیں ضلع شرقی کی شرح 14 فیصد ، ضلع جنوبی 10 فیصد ، ضلع وسطی 9فیصد ، ضلع کورنگی اور ضلع ملیر 7فیصد اور سکھر میں بھی 7فیصد شرح پائی گئی ہے۔ اجلا س کو بتایا گیا کہ کورونا وائرس سے شروع ہونے والے ایک ہفتہ کے دوران سندھ میں 82 اموات ہوئیں ان میں سے کراچی شرقی 25 اموات ، ضلع وسطی 25 ، ضلع کورنگی 8، ضلع جنوبی اور ضلع غربی میں 6اور سکھر 4ہلاکتیں ہوئیں۔ 3 سے 18 جون تک 263 مریض انتقال کرچکے ہیں ان میں 75 فیصد یعنی 151 وینٹی لیٹرز پر ، 19 فیصد یعنی 49 وینٹی لیٹر سے ختم اور 24 فیصد یعنی 63 گھروں میں ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جناح ٹرمینل پر اب تک 42532 مسافر آئے جن میں سے 95 کا ٹیسٹ کرنے پر انکا ٹیسٹ مثبت پایا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک ویکسین کی 3243988 ڈوززموصول ہوچکی ہیں جن میں سے 2873857 استعمال ہوچکی اور صرف 370141 اسٹاک میں موجود ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے ویکسین کے دستیاب ذخیرہ کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف اتوار (20 جون) کو تمام ویکسی نیشن مراکز بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔ وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ان کے محکمے کو آگاہ کردیا ہے کہ سپتونک ویکسین سندھ کو جون کے آخری ہفتے یا جولائی کے پہلے ہفتے میں فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 21 جون کو سائنوویک کی 15 لاکھ ڈوزز، کسینو کی 7 لاکھ اور پاک ویک کی 4 لاکھ ڈوزز 23 جون کو فراہم کی جائیں گی۔ اس پر وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ اگلے ہفتے سے ویکسی نیشن مہم کو تیز کرنے کیلئے کافی مقدار میں خوراکیں وصول کی جائیں گی۔ . وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹاسک فورس اراکین کے ساتھ مکمل گفتگو کے بعد 28 جون سے مزارات ، انڈور جیمز ، سوئمنگ پول اور تفریحی پارکس کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سماجی فاصلے کو یقینی بنانے جیسے کچھ شرائط کو پورا کیا جاسکے۔ کوویڈ کی صورتحال کا 28 جون 2021 کو دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔