وفاقی وزیر غلام سرور نے وزارت کی تبدیلی کا فیصلہ قبول کرلیا
شیئر کریں
وفاقی وزیر غلام سرور خان نے وزیراعظم کی جانب سے وزارت تبدیل کرنے کا فیصلہ قبول کرلیا۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا وزارت پیٹرولیم سے ہٹائے گئے غلام سرور خان نے وفاقی وزیر ہوابازی کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ غلام سرور خان پیر یا منگل کو نئی وزارت کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان میرے کپتان ہیں، ان کا ہر فیصلہ قبول کرتا ہوں، فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنے ہیں۔غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ ایوی ایشن کی وزارت کو وزیراعظم کے ویژن کے مطابق چلائوں گا، عمران خان مجھے وزارت نہ بھی دیتے تو ان کا فیصلہ قبول کرلیتا۔واضح رہے کہ کابینہ میں رد و بدل کے نتیجے میں غلام سرور خان کو ناقص کارکردگی پر وزارت پیٹرولیم سے ہٹاکر وزارت ایوی ایشن دی گئی تاہم ابتدا میں انہوں نے وزارت کی تبدیلی کا وزیراعظم کا فیصلہ ماننے سے انکار کیا اور پارٹی چھوڑنے کی بھی دھمکی دی تھی۔