میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
وزیراعظم نے بنی گالہ میں آج اہم اجلاس طلب کرلیا

وزیراعظم نے بنی گالہ میں آج اہم اجلاس طلب کرلیا

ویب ڈیسک
هفته, ۲۰ اپریل ۲۰۱۹

شیئر کریں

وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اہم اجلاس طلب کرلیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس آج (ہفتہ )کو بنی گالہ میں ہوگا۔اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور وزارتوں کی تبدیلی کے بعد کی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر تنقید کا معاملہ بھی اجلاس میں زیر بحث آئے گا۔بتایا جارہا ہے کہ وزیراعظم حکومتی ترجمانوں کو اجلاس کے دوران اہم ہدایات دیں گے ۔گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں جن میں سب سے بڑی تبدیلی اسد عمر کا استعفیٰ اور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ بنایا جانا تھی۔اسی طرح فواد چودھری، غلام سرور خان، بریگیڈئیر(ریٹائرڈ)اعجاز شاہ اور شہریار آفریدی کی وزارتیں بھی تبدیل کی گئیں جبکہ اعظم سواتی دوبارہ کابینہ میں شامل ہوگئے ۔باخبر ذرائع کے مطابق وزراء کو ہٹانے کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے اندرونی حلقوں میں شدید بے چینی پیدا ہوگئی ہے۔ جس کے فوری خاتمے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے جارحانہ موڈ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ اپنی ٹیم کو بھی اسی موڈ میں دیکھناچاہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے وزراء کو ہٹانے کا فیصلے کے پیچھے کافی معلومات اور وجوہات تھیں ، جو اب رفتہ رفتہ تحریک انصاف کے اندرونی حلقوں تک پہنچائی جارہی ہے۔ وزیراعظم نے تبدیل ہونے والے وزراء کو ہٹانے کا فیصلہ کئی ہفتے پہلے کرلیا تھا۔ وزیر پیٹرولیم کے طور پر غلام سرور کی تبدیلی کا فیصلہ اُسی وقت کرلیا گیا تھا جب اُن کی وزارت نے گیس بلوں میں اضافہ کیا تھا۔درحقیقت یہ فیصلہ وزیراعظم کے علم میں ہی نہیں تھا۔ اسی طرح وزیرصحت عامر کیانی مختلف الزامات کی زد میں آگئے۔ باخبر ذرائع کے مطابق عامر کیانی نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے کو نہایت سرسری لیا اور اس کے پیچھے ڈریپ کی ادویہ ساز اداروں سے ملی بھگت تھی۔وزیر اعظم کی طرف سے ادویات کی قیمتوںکو 72گھنٹوں میں پرانی سطح پر لانے کے واضح اعلان کے باوجود عامر کیانی نے کچھ نہیں کیا۔ اس دوران اُن کے خلاف مستند ذرائع سے اس پورے معاملے میں مشکوک معاملات کی اطلاعات بھی ملیں۔ اسی طرح فواد چودھری کا ایم ڈی پی ٹی وی سمیت مختلف معاملات میں سخت رویہ اُن کی وزارت کی تبدیلی کا باعث بنا۔اسی طرح اسد عمر کمزور معاشی پالیسیوں، ایمنسٹی ا سکیم اورڈالر کی پرواز کو روکنے میں ناکامی پر اپنی وزارت سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہریار آفریدی کی کارکردگی سے بھی خوش نہیں تھے ، شہریار آفریدی کے معاملے پر ایک خفیہ رپورٹ کا ذکر بھی کیا جارہا ہے جو اُن کی وزارت کی تبدیلی کا باعث بنی۔فردوس عاشق اعوان سے متعلق فیصلہ وزیراعظم نے پہلے ہی کر لیا تھا، وزیراعظم نے فردوس عاشق اعوان کو ایک روز پہلے ٹیلیفون پر آگاہ کیا تھا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں