وزیراعظم نیوزی لینڈ کا جمعہ کو ریڈیو ،ٹی وی سے اذان نشر کرنے کا اعلان
شیئر کریں
وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈرن نے جمعہ کو اذان سرکاری ریڈیو اورٹیلی ویژن سے براہ راست نشر کرنے کا اعلان کیا ہے ۔وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈرن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید مسلمانوں کی یاد میں جمعہ کو اذان سرکاری ریڈیو اورٹیلی ویژن سے براہ راست نشرکی جائے گی جبکہ سانحہ کرائسٹ چرچ پرجمعہ کونیوزی لینڈ میں 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ نسل پرستی سے انتہا پسندی کو بڑھاوا ملتا ہے ، نیوزی لینڈ کے اسلحہ قوانین میں سقم موجود ہیں جنہیں دورکریں گے ، میتوں کی جلد تدفین نہ ہونے پر ورثا کے دکھ درد کا پتہ ہے ، دہشت گرد کے بجائے ان لوگوں کو یاد رکھا جائے جو اس واقعہ میں بچھڑ گئے ۔اس سے قبل جیسنڈا آرڈرن نے کشمیری ہائی اسکول کا دورہ بھی کیا تھا۔ مساجد میں شہید شامی طالبعلم سمیت کئی افراد کا تعلق کشمیری ہائی اسکول سے تھا۔گزشتہ روزبھی نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کا اجلاس کرائسٹ چرچ دہشت گردی کے تناظرمیں تلاوت کلام پاک سے ہوا جب کہ وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے اپنے خطاب کی ابتدا بھی السلام علیکم کہہ کرکی تھی۔واضح رہے کہ 15مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں سفید فام عیسائی دہشت گرد نے دومساجد میں فائرنگ کرکے 50معصوم مسلمانوں کو شہید اور کئی افراد کو زخمی کردیاتھا۔ شہدا میں 9پاکستانی بھی شامل ہیں۔