ایم ڈی پاکستان پیٹرولیم کی مجرمانہ غفلت سے معدنی ذخائر غیر محفوظ
شیئر کریں
(رپورٹ: مسرور کھوڑو) پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ میں ایم ڈی عمران عباسی کی ایک اور سنگین نااہلی سامنے آگئی ہے، معدنیات نکالنے والے پلانٹ کے حدود میں نصب تمام کیمرے ناکارہ، داخلی و خارجی مقام پر کوئی رکاوٹ یا گیٹ نہیں، حفاظت کے لیے سکیورٹی گارڈز بھی تعینات نہیں ہیں،جس کے باعث قیمتی معدنیات اور دیگر سامان چوری ہونے لگا۔ روزنامہ جرأت کو موصول دستاویز کے مطابق پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے زیر انتظام خضدار میں قائم معدنیات کے پلانٹ سے پڑے پیمانے پر معدنی اور سامان چوری کی شکایت پر تحقیقات شروع کردی گئی، تحقیقاتی ٹیم نے پلانٹ کا جائزہ لیا اور وہاں پر موجود عملے سے ملاقات کی، تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ کان کے مقام پر نصب کئے گئے 7 کیمروں میں سے صرف ایک کیمرہ کام کر رہا ہے، کوئی پچھلی ریکارڈنگ دستیاب نہیں ہے،سکیورٹی ٹھیکیدار ذمہ داری سے کام نہیں کر رہا ہے ان کا کوئی بھی گارڈ ڈیوٹی پر موجود نہیں تھا، سائٹ کے داخلی و خارجی مقام پر رکاوٹ نہیں ہے، ایک مقام پر گیٹ ہے لیکن وہ راستہ استعمال میں نہیں ہے، تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں متعلقہ حکام کو سی سی ٹی وی کیمرے فعال کرنا، سکیورٹی بڑھانے اور سختی کو یقینی بنانے سمیت دیگر اہم سفارشات پیش کردی گئی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران وزیر اعظم نے ایم ڈی عمران عباسی کو ایک ملاقات کے دوران چوری کے متعلق تفتیش مکمل کر کے رپورٹ جمع کرانے کے احکامات دیے تھے،جس کے بعد ٹیم تشکیل دے کر تحقیقات کردی گئی، پلانٹ سے چوری اور ناقص انتظامات کے متعلق ایم ڈی پی پی ایل عمران عباسی سے موقف لینے کے لیے کوشش کی گئی لیکن رابطہ ممکن نہ ہو سکا