پنجاب، خیبر پختونخوا انتخابات، الیکشن کمیشن کا ایوان صدر کے مشاورتی اجلاس میں شرکت سے پھر انکار
شیئر کریں
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے عام انتخابات کی تاریخ دینے کے معاملہ پر ایوان صدر میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی۔ چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت سوموار کے روز الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایوان صدر میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے معاملہ کا جائزہ لیا گیا۔ تفصیلی بریفنگ کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے ایوان صدر میں ہونے والی مشاورت میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سوموار کے روز الیکشن کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں غوروخوض کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن گزشتہ روز بذریعہ مراسلہ تفصیلاً اپنا موقف صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو دے چکا ہے۔ لہذا اس میٹنگ کے بعد بھی الیکشن کمیشن وہی مودبانہ گزارش کرتا ہے جو گزشتہ چٹھی میں کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کی جانب سے صدر مملکت کے سیکریٹری کو لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کروانے کا معاملہ پہلے ہی پشاور ہائی کورٹ اورلاہور ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے اس لیے زیر التوا عدالتی معاملہ کے اوپر ایوان صدر کے ساتھ مشاورت نہیں کی جاسکتی، کیونکہ ایوان صدر کے ساتھ صوبائی انتخابات کے معاملہ پر مشاورت کی کوئی آئینی اورقانونی حیثیت بھی نہیں ہو گی۔