میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کھانے سے 30 منٹ قبل بادام کھانے سے بلڈ شوگر کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے، تحقیق

کھانے سے 30 منٹ قبل بادام کھانے سے بلڈ شوگر کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے، تحقیق

جرات ڈیسک
جمعه, ۲۰ جنوری ۲۰۲۳

شیئر کریں

صبح، دوپہر اور رات کو کھانے سے30 منٹ قبل چند بادام کھانے سے بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ پہلے ناشتے پھر دوپہر اور رات کے کھانے سے 30 منٹ قبل 20 گرام (مجموعی طور پر 60گرام) بادام کھانے سے غذا کے بعد بڑھنے والی بلڈ شوگر کی سطح کو 20 فیصد تک کم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ محققین نے بتایا کہ ہم نے طویل عرصے تک کھانے سے قبل چند بادام کھانے سے جسم پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر افراد کھانے کے بعد بلڈ شوگر کی سطح میں ہونے والے اضافے کو نظرانداز کردیتے ہیں، حالانکہ موجودہ عہد میں ایسی غذا کا استعمال زیادہ ہوتا ہے جس کے نتیجے میں کھانے کے بعد بلڈ شوگر کی سطح تیزی سے بڑھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر افراد کو علم ہی نہیں کہ کھانے کے بعد بلڈ شوگر کی سطح میں اضافہ ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کی اولین نشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول نہ کریں تو وقت گزرنے کے ساتھ ذیابیطس ٹائپ 2 کے عارضے کے شکار ہو جاتے ہیں۔ محققین نے بتایا کہ ہر کھانے سے قبل چند بادام کھانے سے نا صرف ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے بلکہ ذیابیطس کے مریضوں میں اس بیماری کی پیچیدگیوں کی روک تھام بھی ممکن ہے۔ تحقیق میں خالی پیٹ باداموں کے استعمال سے کھانے کے 2 گھنٹے بعد بھی بلڈ شوگر کی سطح میں 20 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔ تحقیق کے دوران لوگوں کا جائزہ 3 ماہ تک لیا گیا تھا اور دریافت ہوا کہ بادام کھانے سے بلڈ شوگر کی سطح پر مرتب ہونے والے مثبت اثرات طویل المیعاد ہوتے ہیں۔ محققین نے بتایا کہ اس عادت کے نتیجے میں خون میں چکنائی اور ورم کی سطح میں بھی کمی آتی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں