میری حکومت گرانے کاواحد ذمہ دارجنرل باجوہ ہے، عمران خان
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ امریکہ میری حکومت گرانے میں کتنا ذمہ دار ہے کچھ نہیں کہہ سکتا، سائفر کی انکوائری اسی لیے چاہتا تھا،(ق) لیگ اور پی ٹی آئی دو الگ سیاسی جماعتیں ہیں، (ق) لیگ کی جنرل (ر)باجوہ کے حوالے سے اپنی پالیسی ہے،پی ٹی آئی سمجھتی ہے کہ موجودہ حالات کے ذمہ دارجنرل (ر)باجوہ ہیں، نیب جنرل (ر)باجوہ کے کنٹرول میں تھا، انہوں نے نے میری مخالفت کے باوجود سب کو این آر او دیا۔غیر ملکی صحافیوں اور پاکستان کے تجزیہ نگاروں اور سینئر اینکرپرسنز سے الگ الگ ملاقات میں گفتگو کرتے عمران خان نے کہا کہ میری حکومت گرانے کے واحد ذمہ دار جنرل (ر)باجوہ ہے، وہ موجودہ سیاسی اور معاشی بحران کے ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی نے لکھ کر مجھے اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس دے دی ہے، جمعے کو یہ ایڈوائس گورنر کو بھجوادی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) آزاد جماعت ہے، (ن)لیگ سے مذاکرات کر سکتی ہے،ہماری جماعت کا اپنا نظریہ ہے ،پرویز الٰہی ہماری نہیں اپنی پارٹی کی بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لئے سیاسی استحکام ضروری ہے اسی لئے عام انتخابات کی بات کر رہے ہیں،پاکستانی تکنیکی اعتبار سے ڈیفالٹ کر چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہماری جنگ قانون کی حکمرانی اور عوام تک بلا تفریق انصاف کیلئے ہے۔دو تہائی اکثریت سے اسمبلیوں میں واپس آکر اداروں میں اصلاحات کریں گے۔پاکستانیوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔انشااللہ باشعور قوم کی طاقت سے حقیقی آزادی کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔ ملاقات میں فواد چوہدری اور ترجمان وزیراعلی و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ بھی موجود تھیں۔ملاقات کرنے والوں میں چودھری غلام حسین، عارف حمید بھٹی ،عمران ریاض خان ،جنید سلیم،حبیب اکرم، ڈاکٹر مجاہد منصوری،قاضی سعید ،اجمل جامی اور زنیرہ اظہر شامل تھے۔