منی لانڈرنگ کو روکنے سے معاشی مسائل کو قابو کر لیں گے، وزیرا عظم
شیئر کریں
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر محض بیرون ملک سے ترسیلات زر قانونی طریقوں سے ملک بھیجی جائیں اور منی لانڈرنگ پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں تو ہم معاشی مسائل پر قابو پا لیں گے ٗحکومت بزنس کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم پر کاربند ہے ٗ بزنس کمیونٹی کے تعاون سے معاشی عمل کو آگے بڑھایا جائیگا ۔
جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان سے بزنس کمیونٹی کے وفد نے افتخار علی ملک، چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ اور سینئر نائب صدر سارک چیمبر آف کامرس، کی قیادت میں وزیرِ اعظم آفس میں ملاقات کی ٗبزنس کمیونٹی کی جانب سے سپریم کورٹ اور وزیرِ اعظم پاکستان دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈکے لئے نو کروڑ19لاکھ روپے کے چیک وزیراعظم عمران خان کو پیش کیے گئے ۔ بزنس کمیونٹی کی جانب سے چیک پیش کرنے والوں میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، اسلام آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، اورینٹ الیکٹرونکس، کورنگی ایسوسی ایشن، گارڈ گروپ، محمد عارف یوسف جیوا، انجینئر حاجی دارو، دین گروپ اورستارہ گروپ کے عہدہ دار اورنمائندگان شامل تھے۔
بزنس کمیونٹی کے وفد نے وزیرِ اعظم عمران خان کو یقین دلایا کہ وہ نیا پاکستان بنانے کی مہم میں حکومت کے ساتھ ہیں اور مشکل معاشی حالات سے نبردآزما ہونے میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک اس وقت مشکل معاشی حالات سے دوچار ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے جہاں ملک کو ایک طرف اندرونی اور بیرونی قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا وہاں اداروں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا اور آج حالت یہ ہے کہ بڑے بڑے قومی ادارے خساروں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیل مل، پی آئی اے، پاکستان ریلوے، غرض جس ادارے کو دیکھیں وہاں اربوں روپے کے نقصانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ملک کے ساتھ جو کیا وہ دشمن بھی نہیں کرتے ٗملک میں وسائل کی کمی نہیں لیکن جس اندا ز میں اور جتنا بڑا ڈاکہ اس ملک پر مارا گیا اس کی مثال نہیں ملتی۔صورتحال یہ ہے کہ آج ریڑھی والوں، چھابڑی والوں اور فوت ہوئے لوگوں کے بنک اکاؤنٹس سے کروڑوں اربوں روپے نکل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی غلط کاریوں اور غلط پالیسیوں کا خمیازہ آج قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے ٗموجودہ وقت بلاشبہ ایک مشکل وقت ہے لیکن پاکستانی قوم میں بے پناہ صلاحیت ہے ہم انشا اللہ جلد موجودہ بحران سے نکل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسے شعبے موجود ہیں جہاں ایک ایک شعبے میں اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت ہے۔علاوہ ازیں صدر نیشنل بنک آف پاکستان نے بھی وزیرِ اعظم عمران خان سےملاقات کی اور دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ کے لئے ایک کروڑ پچانوے لاکھ کی رقم کا چیک وزیرِ اعظم کو پیش کیا۔