بجلی بلوں میں 35 فیصد تک انکم ٹیکس کا نفاذ، پانی سر سے اونچا ہوچکا،بلاول بھٹو
شیئر کریں
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قوم فیصلہ کرلے اگر مہنگائی سے نجات چاہئے تو پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بجلی بلوں میں 35 فیصد تک انکم ٹیکس کے نفاذ کے بعد پانی سر سے اونچا ہوچکا ہے، عمران خان نے مہنگائی کو پاکستان کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بنادیا۔ انہوںنے کہاکہ قوم فیصلہ کرلے کہ اگر مہنگائی سے نجات چاہئیے تو پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا، مہنگائی کے خلاف ملک بھر کے عوام کمر کس کر باہر نہ نکلے تو عمران خان کے عوام پر حملے نہیں رکیں گے۔ انہوںنے کہاکہ بجلی کے 10 ہزار روپے تک کے بلوں پر پانچ اور 20 ہزار تک کے بلوں پر 10 فیصد انکم ٹیکس مسترد کرتے ہیں، بجلی کے 30 ہزار روپے تک کے بلوں پر 20 فیصد جبکہ 40 ہزار روپے تک کے بلوں پر 20فیصد انکم ٹیکس مہنگائی کا ایک نیا طوفان لائے گا۔ انہوںنے کہاکہ پیٹرول کے بعد بجلی کی قیمتیں بڑھنے سے فیکٹریوں کی پیداواری لاگت میں ہونے والا اضافہ عام آدمی کے بجٹ کو مزید متاثر کرے گا، عوام موبائل فون کارڈ سے لے کر گروسری کی اشیائ تک بلواسطہ ٹیکسوں کی صورت میں پہلے ہی اربوں روپے قومی خزانے میں جمع کروارہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اگر ٹیکس لگانا ہے تو عمران خان اپنے امیر دوستوں پر لگائیں جنہیں ٹیکسوں میں اربوں کھربوں روپے کی چھوٹ دی گئی۔