میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اگلے الیکشن میں ن لیگ میدان مارے گی ، جھرلوبرداشت نہیں کریں گے ،شہبازشریف

اگلے الیکشن میں ن لیگ میدان مارے گی ، جھرلوبرداشت نہیں کریں گے ،شہبازشریف

ویب ڈیسک
اتوار, ۱۹ ستمبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈز وہ علاقے ہیں جہاں پر اگر میں یہ کہوں تو غلط نہیں ہو گا کہ جہاں پی ٹی آئی نے جنم لیا تھا اور آج اسی جنم بھومی میں پی ٹی آئی کی سیاسی موت واقع ہوئی ہے۔ ہمارا تمام آئینی اداروں سے مطالبہ ہے چاہے عدلیہ ہو، چاہے مقننہ ہو، چاہے انتطامیہ ہو، چاہے الیکشن کمیشن ہو یا کوئی اور چاہے کوئی ادارہ ہو کہ ہر صورت ملک کو شفاف الیکشن چاہیں، قانون کی حکمرانی چاہیے اور سویلین سپرمیسی چاہیئے ، اگر قوم کو یہ بات ملتی ہے تو پھر میری مفاہمت تو یہی ہے، میری اور کیا مفاہمت ہے، اگر یہ ہوتا ہے تو پوری مسلم لیگ (ن)مل کر کام کرے گی،اگر شفاف الیکشن نہیں ملتے تو پھر میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے پاس کوئی چارہ کار نہیں ہو گا کہ شفاف الیکشن کے لئے ہر قانونی اور سیاسی سہاراہم لیں یہ ہمارا اور قوم کا حق ہے۔ ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے (ن)لیگ کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال، قومی اسمبلی میں (ن)لیگ کے پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف ، (ن)لیگ پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ خان، (ن)لیگ کے نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ محمد سعد رفیق اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دن رات آپ ریاست مدینہ کا نام لیتے ہیں اور عمل اس کے 100فیصد خلاف ہے۔ دھوکہ اور فراڈ تھا جونیازی نے2018کے انتخابات میں عوام کے ساتھ کیا تھا ۔ اگر اللہ تعالیٰ نے چاہا تو اگلا الیکشن (ن)لیگ کا ہوگا۔ اگلے الیکشن میں (ن)لیگ ، میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پورے ملک میں میدان مارے گی، اس کے لئے ہمارا پر زور مطالبہ ہے بلکہ یہ مطالبہ نہیں قوم کا حق ہے کہ انتخابات صاف اور شفاف کروانے ہوںگے، اس مرتبہ کوئی جھرلو برداشت نہیں کرے گا،اس مرتبہ کوئی سلیکٹڈ کو برداشت نہیں کرے گا۔ یہ بلے باز اگر ہے تو میدان میں جا کربلے بازوں کو بلا چلانا سکھائے ، اسلام ااباد کے وزیر اعظم ہائوس کو چھوڑے، آپ نے جو تھوڑی بہت عزت بنائی تھی اس کو بھی مٹی میں روند دیا اور آپ نے وہ، وہ کام کئے جو کوئی سوچ نہیں سکتا تھا، اور پھر کہتے ہیں کہ میں ایک ایماندار وزیر اعظم ہوں۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میںآج آپ کی خدمت میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ حاضر ہوا ہوں کہ حالیہ کنٹونمنٹ کے انتخابات میں جو خواجہ آصف کی سربراہی دیگر ساتھیوں نے جو میدان مارا ہے اور معرکہ مارا ہے میں اپنی طرف سے اور میاں محمدنواز شریف کی طرف سے مبارکباد دینے آیا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی معمولی معرکہ نہیں ، اس لئے کہ کنٹونمنٹ بورڈز وہ علاقے ہیں جہاں پر اگر میں یہ کہوں کہ تو غلط نہیں ہو گا کہ جہاں پی ٹی آئی نے جنم لیا تھا اور آج اسی جنم بھومی میں پی ٹی آئی کی سیاسی موت واقع ہوئی ہے۔ اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ ان الیکشنز میں دور، دور تک مداخلت کا نام ونشان نہیں تھا اور وہاں کے رہنے والوں نے خود اپنے ضمیر کے مطابق پورے پاکستان میں ووٹ کاسٹ کئے اور اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل وکرم سے صوبہ پنجاب کے عوام کی اکثریت نے مسلم لیگ (ن)کو ووٹ دیا، یہ اس لئے کہ سوا تین سالوں میں عوام کا دل بھر چکا ہے اور پنجابی میں کہا جاتا ہے اونکو نک ہو گئے نیں، یعنی مہنگائی نے ان کی کمر توڑ دی ہے۔لوگ کیوں نہ پھر آج نواز شریف کی حکومت کو یاد کریں، آج چینی 108اور110روپے فی کلو پر پہنچ گئی ہے اور 2013سے2018تک52روپے سے چینی کی فی کلو قیمت اوپر نہیں گئی تھی، ان سوا تین سالوں میں اربوں روپے کی چینی امپورٹ کی گئی ہے، پہلے ایکسپورٹ کی گئی اور اے ٹی ایم مشینوں کو اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالنے کی اجازت دی گئی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں