رؤف حسن کے بھارتی روابط سے ملک دشمن ایجنڈا بے نقاب ہوگیا،عطا تارڑ
شیئر کریں
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ رؤف حسن کے بھارتی روابط سے پی ٹی آئی کا ملک دشمن ایجنڈا بے نقاب ہوگیا، فیض نیازی گٹھ جوڑ نے پاک فوج مخالف بیانیے بھی ملکر چلائے تاکہ ادارے میں تقسیم کا تاثر دیا جائے ۔پی ٹی آئی رہنما کے غیر ملکی دشمنوں سے روابط پر ردعمل میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور فیض حمید کے گٹھ جوڑ کے معاملات، مشرقی بارڈر کے پار پاکستان مخالف جذبات رکھنے والے صحافیوں سے پی ٹی آئی کے روابط اور مغربی بارڈر کے ذریعے فتنہ الخوارج کو واپس لانے کے فیصلے ملک دشمنی کی بدترین مثال ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما رف حسن نے بھارتی صحافی کے ساتھ اشتعال انگیز اور خوفناک پیغامات پر مبنی روابط سے پی ٹی آئی کا ملک دشمنی پر مبنی ایجنڈا ایک بار پھر بے نقاب ہو چکا ہے ، ملک دشمن ایجنڈے پر کاربند فارن فنڈڈ جماعت نے پہلے سائفر کے ذریعے ملک کی خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا اور اب ملک کی سالمیت اور بقا کو نقصان پہنچانے کے لئے اپنے غیر ملکی آقاں کا سہارا لے رہی ہے ، مذکورہ بھارتی صحافی پاکستان مخالف جذبات رکھتے ہیں۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ رف حسن نے بھارتی صحافی کے ساتھ تحریک انصاف کی سوچ کی ترجمانی کی جو پاکستان کی سالمیت اور بقا کے خلاف سازشوں کو فروغ دے رہے ہیں، اب سمجھ آ رہی ہے کہ 9 مئی کے حملے کیوں کئے گئے ، پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں سوشل میڈیا سیل ملک دشمنوں سے روابط کا بڑا ذریعہ تھا، اس سیل کے ذریعے پاک فوج اور سپہ سالار کے خلاف بھی مہم چلائی جا رہی تھی جس کے تانے بانے آج بھارت کے ساتھ مل رہے ہیں۔