افغانستان کا یوم آزادی، کابل راکٹ حملوں سے گونج اْٹھا،ہلاکتوں کا خدشہ
شیئر کریں
افغانستان کے یوم آزادی پر دارالحکومت کے حساس اور سفارتی علاقے میں نامعلوم مقام سے 14 راکٹ برسائے گئے ہیں جس سے پورا علاقہ لرز اْٹھا۔افغان میڈیا کے مطابق ملک بھر میں یوم آزادی کی مناسبت سے تقریبات جاری تھیں اور کابل میں صدر اشرف غنی کو سرکاری تقریب سے خطاب کرنا تھا کہ سفارتی علاقے پر راکٹ حملہ ہو گیا اور چند ہی منٹوں میں 14 راکٹ کابل کے ریڈ سیکیورٹی زون کے مختلف
مقامات پر آکر لگے۔راکٹ حملے اتنے شدید تھے کہ پورا علاقہ لرز اْٹھا اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ افراتفری اور بھگدڑ مچ گئی جس سے درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ راکٹ حملے کا ہدف نامعلوم ہے تاہم ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔سیکیورٹی اداروں نے علاقے کا گھیراؤ کر لیا ہے اور ریسکیو ادارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ دارالحکومت کے مختلف مقامات سے 24 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے جن میں سے 4 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔طلبان سمیت کسی بھی شدت پسند جماعت نے تاحال حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ راکٹ علاقے میں گھومنے والی دو مشکوک گاڑیوں سے کیے گئے جن کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔