نارتھ ناظم آباد میں ڈاکو راج
شیئر کریں
ضلع وسطی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ڈاکو راج،دن دیہاڑے دکانوں پر ڈکیتیاں روز مرہ کا معمول بن گئیں ، تھانہ شارع نور جہاں کی پولیس عوام وتاجروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی،ڈکیتی ورہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر علاقے میں سخت خوف وہراس پھیل گیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی کے علاقے تھانہ نور جہاں کی حدود نصرت بھٹوکالونی ،سیکٹر 14/A شادمان ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں دن دیہاڑے ڈکیتی ورہزنی کی وارداتیں معمول بن گئیں،مسلح ڈاکوؤں کی دن دیہاڑے کھلے عام دکانداروں سے لوٹ مار معمول بن گئی جبکہ متعلقہ پولیس بڑھتی ہوئی وارداتوں ہر خاموش تماشائی بن گئی۔گزشتہ روز قلندریہ چوک کے قریب دن دیہاڑے مسلح ڈاکو متعدد دکانداروں کو لوٹ کر فرار ہوگئے،آئے روز کی لوٹ مار کے باعث اہلیان علاقہ میں سخت خوف وہراس پایا جاتاہے جبکہ قلندریہ چوک پر پولیس کی پکٹ کے باوجود ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے پر عوام وتاجروں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔اہل علاقہ کے مطابق قلندریہ چاک پر پولیس پکٹ کے باوجود مسلح افراد کی ملحقہ دکانوں سے کھلے عام لوٹ مار پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،شہریوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ڈاکوؤں سے تحفظ فراہم کرکے غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔