مالی سال 2023: ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 15 فیصد کمی، 16 ارب 50 کروڑ ڈالر ریکارڈ
شیئر کریں
پاکستان میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی ایکسپورٹ گزشتہ مالی سال 2023 کے دوران سالانہ بنیادوں پر 14.63 فیصد کمی کے بعد 16 ارب 50 کروڑ ڈالر رہی، جس کی وجہ بْلند پیداواری لاگت، محدود نقدیت اور عالمی سطح پر کم طلب ہے۔ پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جون میں سالانہ بنیادوں پر برآمدات 13.73 فیصد کمی کے بعد ایک ارب 47 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں کمی کے نتیجے میں پاکستان کی اشیا کی مجموعی برآمدات مالی سال 23ـ2022 کے دوران سالانہ بنیادوں پر 12.71 فیصد کمی سے 27 ارب 54 کروڑ ڈالر رہیں جو اس سے پچھلے برس 31 ارب 78 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔ ٹیکسٹائل برآمدات میں منفی نمو کا رجحان گزشتہ مالی سال کے ابتدا سے شروع ہوا، جس میں صرف اگست 2022 میں معمولی اضافہ ہوا۔پاکستان ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2023 کے دوران تیار ملبوسات کی برآمدات 10.57 فیصد سکڑ گئیں تاہم بالحاظ مقدار 39.27 فیصد کا اضافہ ہوا، نٹ وئیر کی برآمدات قدر کے حساب سے 13.36 فیصد اور مقدار کے حساب سے 9.81 فیصد کمی ہوئی، بیڈ وئیر کی برآمدات میں بالحاظ قدر 18.26 فیصد اور بالحاظ مقدار 21.10 فیصد تنزلی ہوئی۔تولیے کی برآمدات میں مالیت کے حساب سے 10.05 فیصد اور مقدار میں 17.06 فیصد کمی ریکاڈ کی گئی، اسی طرح کاٹن کے کپڑوں کی برآمدات بالحاظ قدر 17.06 فیصد اور بالحاظ مقدار 23.86 فیصد گریں۔اسی طرح سوتی دھاگے کی برآمدات میں 30.04 فیصد کمی اور دیگر دھاگوں کی برآمدات 31.85 فیصد کم ہوئیں، میڈ اپس (بغیر تولیہ) کی برآمدات 18.44 فیصد سکڑی اور خیموں، کینوس اور ترپال کی برآمدات مالی سال 2023 کے دوران 24.93 فیصد بڑھ گئیں۔ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات میں مالی سال 2023 کے دوران 57.03 فیصد کمی ہوئی، اس سے عندیہ ملتا ہے کہ منصوبوں کو جدید کرنا یا توسیع دینا ترجیح نہیں رہی۔دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات مالی سال 2023 کے دوران سالانہ بنیادوں پر 27.03 فیصد کم ہوئیں، جس کی وجہ معاشی سست روی اور غیرمعمولی مہنگائی کی وجہ سے کم استعمال ہے۔اسی دوران، پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات اور مقامی پیداوار میں بھی کمی کا رجحان رہا، مجموعی طور پر پیٹرولیم گروپ کی درآمدات مالی سال 2023 کے دوران گر کر 17.01 ارب ڈالر رہیں جو مالی سال کے دوران 23 ارب 31 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے مرتب کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات مالیت کے حساب سے 36.80 فیصد اور مقدار کے حساب سے 38.82 فیصد کمی ہوئی، خام تیل کی درآمدات بالحاظ مقدار 11.64 اور بالحاظ قدر 15.84 فیصد تنزلی ہوئی۔اسی طرح مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی درآمدات جولائی تا جون 2023 کے دوران سالانہ بنیادوں پر 24.57 فیصد سکڑی۔دوسری طرف، معائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی درآمدات مقامی قلت کے سبب 2.17 فیصد بڑھ گئی۔مشینری کی درآمدات مالی سال 2023 کے دوران 46.82 فیصد گر کر 5 ارب 80 کروڑ ڈالر رہ گئی، جو مالی سال 2022 کے دوران 10 ارب 92 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی جس کی وجہ موبائل فون و دیگر ٹیلی کام آلات کی درآمدات میں 64.35 فیصد تنزلی ہے۔مالی سال 2023 کے دوران موبائل فون کی درآمدات 71.19 فیصد کم ہوئی، ٹیکسٹائل مشینری، پاور جنریشن، زراعت اور الیکٹریکل اپلائنسز کی درآمدت میں بھی کمی ریکارد کی گئی۔