حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ آج ادا کیا جائیگا
شیئر کریں
مناسکِ حج کی ادائیگی کے سلسلے میں عازمین خیموں کے شہر منیٰ پہنچ گئے، حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ (آج) پیر کو ادا کیا جائے گا۔پیر کی صبح عازمینِ حج منیٰ سے حج کا سب سے اہم رکن وقوفِ عرفہ ادا کرنے میدانِ عرفات روانہ ہوں گے۔مسجد الحرام سے میدان عرفات اور مزدلفہ کے لیے پیدل روانگی کی اجازت نہیں ہو گی، میدانِ عرفات اور مزدلفہ جانے کے لیے خصوصی بس سروس چلائی جائے گی۔عرب میڈیا کے مطابق پیر کو وقوفِ عرفات ادا کیا جائے گا اور مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیا جائے گاحجاج کرام اپنا دن عبادت میں گزاریں گے اور مغرب کے بعد مزدلفہ جائیں گے اور نماز کے بعد کنکریاں اکٹھی کریں گے۔بعدازاں عیدالاضحی کے پہلے روز عازمین واپس منیٰ آئی گے اور شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد مرد اپنے بال مونڈھائیں گے اور طواف کریں گے، اسی طرح مکہ سے واپسی سے پہلے طواف وداع کیا جائے گا جس کے بعد حج مکمل ہوجائیگا۔کورونا وائرس کی وجہ سے محدود عازمین کو حج کی ادائیگی کی اجازت دی گئی ہے۔کورونا وائرس کے باعث صرف 60 ہزار مقامی اور مقیم غیر ملکی حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں،مسجد الحرام کے تمام دروازوں پر 70 سے زیادہ تھرمل کیمرے نصب کیئے گئے ہیں۔یہ دوسرا سال ہے کہ جب مسلمانوں کے اس مذہبی فریضے کا انعقاد کورونا وبا پھیلاؤ روکنے کے لیے محدود پیمانے پر کیا جارہا ہے۔صرف 60 ہزار مکمل ویکسینیٹڈ شہریوں اور رہائشیوں کو حج کی اجازت دی گئی ہے ،ہر برس تقریباً 30 لاکھ تک مسلمان دنیا بھر سے اس فرض کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ پہنچتے تھے۔رواں برس حج کا فریضہ انجام دینے والی عازمین میں خواتین کی تعداد بڑھ کر 40 فیصد ہوگئی ہے۔