بجٹ کو دھاندلی سے منظور کرانے کیلئے آصف زرداری کو گرفتار کیا گیا،بلاول
شیئر کریں
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بجٹ کو دھاندلی سے منظور کرانے کیلئے آصف زرداری کو گرفتار کیا گیا ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود سیاسی اور جمہوری اقدارکے لیے آواز اٹھانے پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا کردار لائق تحسین ہے ، ایم کیو ایم پاکستان نے ایوان میں سابق صدر آصف علی زرداری کے لیے پروڈکشن آرڈر کے اجرا کامطالبہ کیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ خطاکار ثابت ہونے تک کسی کا بھی مجرم نہ ہونا کوئی رعایت نہیں بلکہ ملزم کا حق ہے ۔سابق صدرآصف زرداری نے پورے ایک سال تفتیش میں مکمل تعاون کیا،انکا ملک سے باہر جانے کا خدشہ تھا نہ ان پر فرد جرم عائد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کو اس لئے گرفتار کیا گیا تاکہ بجٹ کو دھاندلی سے منظور کرایا جاسکے ،اہلیان نواب شاہ بجٹ سیشن میں نمائندگی سے محروم کردیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار چار اراکین اسمبلی گرفتار ہیں اور ایوان میں پیش نہیں کیے گئے۔