وزیر اعظم کا ہاکی ٹیم مینجمنٹ کو فارغ کرنے کافیصلہ
شیئر کریں
ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے آسٹریلیا میں کچن، برتن، کپڑے اور باتھ روم صاف کروائے گئے
کھانا خود پکایا،سڑکوں پر رہے،موجودہ ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ آگے نہیں چل سکتے، کپتان عماد بٹ
وزیر اعظم شہباز شریف نے ہاکی ٹیم مینجمنٹ کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں ہاکی کے کھلاڑیوں کی ناقص رہائش اور کھانے کے سلسلے میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کی انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ جمع کروا دی ہے۔قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے آسٹریلیا میں کچن، برتن، کپڑے اور باتھ روم صاف کروائے گئے، ہم نے کھانا خود پکایا اور سڑکوں پر رہے۔۔۔ برتن دھونے اور صفائی کے بعد کھلاڑی میچ میں کیا پرفارم کریں گے؟’ یہ کہنا ہے پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ کا، جو آسٹریلیا سے واپسی پر لاہور ایٔرپورٹ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کر رہے تھے۔ پاکستانی ٹیم ہاکی پرو ہاکی لیگ کے آسٹریلیا میں ہونے والی پے در پے شکستوں کے بعد، بدھ کی صبح وطن واپس پہنچی ہے۔ ایٔرپورٹ پر موجود میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کپتان عماد بٹ نے ہاکی فیڈریشن پر سنگین الزامات لگائے ہیں اور کہا ہے کہ وہ موجودہ ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ مزید آگے نہیں چل سکتے۔پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ نے مذکورہ خبریں سامنے آنے پر انکوائری کا حکم دیا تھا۔انکوائری کمیٹی میں چیف فنانشل آفیسر حسنات احمد چیٔرمین، سعید احمد چوہدری اور رانا نصر اللہ ممبران تھے۔کمیٹی نے انکوائری ایک روز میں مکمل کر کے اپنی رپورٹ ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس یاسر پیرزادہ کو بھجوا دی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے انکوائری رپورٹ کی روشنی میں صدر ہاکی فیڈریشن میر طارق بگٹی اور جنرل سیکرٹری رانا مجاہد سمیت ٹیم مینجمنٹ کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔


